نئی دہلی۔24ستمبر (اے پی پی):بھارت نے ایک بار پھر اپنے جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں اب تک کی سب سے بڑی مشترکہ ڈرون جنگی مشق ’’کولڈ اسٹارٹ‘‘ کا اعلان کیا ہے جس میں ڈرون اور کاؤنٹر ڈرون سسٹمز کا عملی تجربہ کیا جائے گا۔ یہ مشق مدھیہ پردیش میں ہونے کا امکان ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ایئر مارشل راکیش …
بھارت کا جنگی جنون، ا کتوبر کے پہلے ہفتے میں اب تک کی سب سے بڑی مشترکہ ڈرون جنگی مشق کرنے کا اعلان
نئی دہلی۔24ستمبر (اے پی پی):بھارت نے ایک بار پھر اپنے جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں اب تک کی سب سے بڑی مشترکہ ڈرون جنگی مشق ’’کولڈ اسٹارٹ‘‘ کا اعلان کیا ہے جس میں ڈرون اور کاؤنٹر ڈرون سسٹمز کا عملی تجربہ کیا جائے گا۔ یہ مشق مدھیہ پردیش میں ہونے کا امکان ہے۔
جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ایئر مارشل راکیش سنہا کے مطابق اس مشق میں دفاعی صنعت کے ماہرین اور محققین بھی شریک ہوں گے۔ اس مشق کا مقصد موجودہ فضائی دفاعی صلاحیتوں کی تاثیر اور خامیوں کا جائزہ لینا بتایاگیاہے ۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مشق ابھرتے ہوئے فضائی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کرے گی۔بھارتی مسلح افواج کے کولڈ سٹارٹ نظریہ میں مشترکہ ہتھیاروں کے یونٹوں کے ذریعے تیز رفتار، مربوط جارحانہ کارروائیاں شامل ہیں تاکہ ایک محدود وقت کے اندر روایتی مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے فوجیوں کی روایتی سست رفتار نقل و حرکت کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔
بھارتی مسلح افواج نے کولڈ سٹار ٹ کا نظریہ 2001 کے پارلیمنٹ حملے پر سست ردعمل کے بعد تیار کیا تھا تاکہ مکمل جنگ شروع کئے بغیر دہشت گردی کے خلاف ایک تیز، فیصلہ کن اور محدود فوجی ردعمل دیا جاسکے تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کی وجہ سے یہ تنازعات کو جوہری سطح تک بڑھانے کا ایک اہم خطرہ رکھتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صنعتی شراکت دار، تحقیق اور ترقیاتی ایجنسیاں، ماہرین اور دیگر سٹیک ہولڈرز بھی کولڈ اسٹارٹ مشق میں حصہ لیں گے۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب چند ماہ قبل بھارت نے پاکستان کے خلاف بلا اشتعال جارحیت کے دوران بڑے پیمانے پر ڈرونز استعمال کیے تاہم اسے ذلت آمیز شکست اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد سے بھارت نے ڈرون ٹیکنالوجی کو ترقی دینے پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے۔
بھارت نے 2035 تک مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے فضائی دفاعی نظام ’’سدرشن چکر‘‘ کا منصوبہ بھی بنایا ہے، جسے اسرائیل کے ’’آئرن ڈوم‘‘ سے تشبیہ دی جا رہی ہے۔ اس نظام میں ڈرونز اور کاؤنٹر ڈرون سسٹمز کو بنیادی حیثیت حاصل ہو گی جبکہ اس کے ساتھ طیارے اور کاؤنٹر ہائپر سونک ٹیکنالوجی بھی شامل کی جائے گی۔بھارتی ایئر مارشل اشوتوش ڈکشٹ نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان سے ایک قدم آگے رہنا ہوگا ۔









