بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں کیریئر ایکسپو ، سینکڑوں طلبہ، صنعتی اداروں اور محققین کی شرکت

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے مرکزی کتب خانے میں جمعرات کو ’’کیریئر ایکسپو 2026‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات کے لیے علیحدہ انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر صنعت، تحقیق اور جامعات کے مابین روابط کے فروغ

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے مرکزی کتب خانے میں جمعرات کو ’’کیریئر ایکسپو 2026‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات کے لیے علیحدہ انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر صنعت، تحقیق اور جامعات کے مابین روابط کے فروغ، روزگار کے مواقع اور جدید اور اچھوتا سوچنے کے رحجان کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی۔ کیریئر ایکسپو کا افتتاح قائم مقام ریکٹر و صدر آئی آئی یو آئی پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کیا جبکہ نائب صدر (تحقیق و کاروباری روابط) پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید بھی ہمراہ تھے۔ انہوں نے فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ کے لگ بھگ 550 فائنل ایئر پراجیکٹس کا معائنہ کیا۔ نمائش میں پیش کیے گئے منصوبوں میں سمارٹ فارمنگ، ٹریفک مینجمنٹ، مصنوعی ذہانت پر مبنی معاون نظام، مٹی کے تجزیے، نفسیاتی تشخیص کے پروٹوٹائپس، شمسی توانائی اور دیگر سماجی مسائل کے حل سے متعلق منصوبے شامل تھے۔ صدر جامعہ نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے معاشرتی ضروریات سے ہم آہنگ ہیں اور عملی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ایکسپو میں مختلف شعبہ جات کے 523 فائنل ایئر پراجیکٹس، یونیورسٹی کے 11 تحقیقی و اختراعی مصنوعات اور 30 سے زائد صنعتی و کاروباری اداروں کے سٹالز قائم کیے گئے تھے۔

جامعہ کی مختلف فیکلٹیز نے بھی کیریئر کونسلنگ اور تعلیمی رہنمائی کے لیے اپنے سٹالز لگائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا کہ جامعات کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو علم کے ساتھ ایسی مہارتیں اور پیشہ ورانہ مواقع فراہم کریں جو انہیں بدلتی ہوئی عالمی ضروریات سے ہم آہنگ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کیریئر ایکسپو جامعہ اور صنعت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کی ایک اہم کوشش ہے۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر طارق جدون نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو قومی ترقی کا اہم سرمایہ قرار دیتے ہوئے صنعت اور جامعات کے درمیان تعاون، مہارتوں کے فروغ، جدت اور کاروباری سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے طلبہ کو روایتی ملازمتوں کے ساتھ ساتھ کاروباری مواقع تلاش کرنے کی بھی ترغیب دی۔ اس سے قبل کیریئر ایکسپو کے کنوینر ڈاکٹر بشیر احمد نے شرکا کو پروگرام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد طلبہ، محققین، اساتذہ اور صنعت کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روزگار کے مواقع کے لیے 330 طلبہ نے اپنے ریزیومے جمع کرائے جبکہ تقریباً 190 امیدوار مختلف اداروں کی جانب سے لیے گئے فائنل انٹرویوز میں شریک ہوئے۔

ایکسپو کے دوران صنعتی اداروں کے نمائندوں نے طلبہ کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ بھرتیوں، نیٹ ورکنگ اور کیریئر رہنمائی کی مختلف سرگرمیاں بھی منعقد ہوئیں۔آخر میں صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کنوینر ڈاکٹر بشیر احمد، شریک کنوینر ڈاکٹر شاہد اکرام، ڈاکٹر سلمیٰ امتیاز، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد عامر، منتظمین اور ذیلی کمیٹیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کامیاب انعقاد پر انہیں مبارکباد دی۔

 

مزید خبریں