بین الصوبائی تھروبال چیمپیئن شپ 5 نومبر سے شروع ہو گی

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستان تھروبال فیڈریشن، بلوچستان تھروبال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اور بلوچستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے بین الصوبائی تھروبال چیمپیئن شپ 5 نومبر سے ایوب سٹیڈیم کوئٹہ میں شروع ہو گی۔ بلوچستان تھروبال ایسوسی ایشن کی صدر مسں اختر خان نے بتایاکہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین کے الگ الگ مقابلے منعقد ہونگے۔ ان مقابلوں میں چھ مرد اور چھ خواتین کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ جن میں میزبان بلوچستان، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ چیمپئین شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی منیجرز میٹنگ 4 نومبر کو شام چار بجے ہوگی جس میں چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان کیا جائے گا۔

یہ چیمپیئن شپ 7 نومبر تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔