بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس اختتام پذیر، مختلف ممالک کے پارلیمانی وفود واپس روانہ

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں منعقدہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس میں شریک مختلف ممالک کے پارلیمانی وفود اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق مراکش اور ازبکستان کے وفود نے وطن واپسی سے قبل چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی …

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں منعقدہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس میں شریک مختلف ممالک کے پارلیمانی وفود اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق مراکش اور ازبکستان کے وفود نے وطن واپسی سے قبل چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور ان کی قیادت کو سراہا۔

مراکش کے نائب چیئرمین ہاؤس آف کونسلرز عبدالرحمان اوکیفا نے چیئرمین سینیٹ کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی سینیٹ، چیئرمین سینیٹ اور عوام کی بے مثال مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کے موثر اور وژنری کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس بین الاقوامی پارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ بنی ہے۔اسی طرح ازبکستان کے نائب چیئرمین مجلسِ اعلیٰ صادق سافوو نے بھی چیئرمین سینیٹ کے وژن اور قیادت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بہترین میزبانی اور کامیاب کانفرنس کا انعقاد چیئرمین سینیٹ کے متحرک کردار اور بین الپارلیمانی روابط کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے۔وفود نے چیئرمین سینیٹ گیلانی کے امن و ترقی کے مشترکہ پارلیمانی ویژن کی بھرپور تائید کی اور اسے عالمی پارلیمانی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔شرکائے کانفرنس نے پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس کانفرنس سے خطے اور دنیا میں پارلیمانی سطح پر تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔