بے سہارا بچوں کی کفالت قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے، زمرد خان

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا ہے کہ بے سہارا اور یتیم افراد کی خدمت زندگی کا سب سے بہترین اور بامقصد مشن ہے، جس کے ذریعے نہ صرف انفرادی زندگیاں سنورتی ہیں بلکہ پوری قوم کا مستقبل محفوظ بنتا ہے۔بدھ کو اپنے ایک بیان میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے سویٹ ہوم کے بچوں کو نیشنل چلڈرن کنونشن میں شرکت کی …

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا ہے کہ بے سہارا اور یتیم افراد کی خدمت زندگی کا سب سے بہترین اور بامقصد مشن ہے، جس کے ذریعے نہ صرف انفرادی زندگیاں سنورتی ہیں بلکہ پوری قوم کا مستقبل محفوظ بنتا ہے۔بدھ کو اپنے ایک بیان میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے سویٹ ہوم کے بچوں کو نیشنل چلڈرن کنونشن میں شرکت کی دعوت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے زمرد خان نے کہا کہ اس طرح کے قومی فورمز بچوں کو اعتماد، شعور اور اظہارِ رائے کا موقع فراہم کرتے ہیں، جو ان کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق سے متعلق عالمی چارٹر محض ایک دستاویز نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد ناگزیر ہے، خصوصاً بچوں کی تعلیم، تربیت اور تحفظ کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں، ایک باشعور اور تعلیم یافتہ بچہ ہی ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد بنتا ہے۔زمرد خان نے بتایا کہ پاکستان سویٹ ہوم اس وژن کے تحت کام کر رہا ہے کہ ہر بچے کو ملت کے مقدر کا ستارہ سمجھا جائے، ادارہ نہ صرف یتیم اور بے سہارا بچوں کو رہائش اور بنیادی سہولیات فراہم کر رہا ہے بلکہ انہیں معیاری تعلیم اور کردار سازی کے مواقع بھی مہیا کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سویٹ ہوم سے وابستہ بچے آج میڈیکل کالجوں، انجینئرنگ یونیورسٹیوں اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر درست سمت میں مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ بچے ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ بن سکتے ہیں۔زمرد خان کے مطابق پاکستان سویٹ ہوم اس وقت تعلیم، تربیت اور انسانی فلاح و بہبود کے شعبے میں دس مختلف ادارے چلا رہا ہے، جن کا مقصد بچوں کو خودمختار، باکردار اور ذمہ دار شہری بنانا ہے۔

انہوں نے حکومت، پارلیمان اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ بے سہارا بچوں کی کفالت اور تعلیم کو قومی ترجیح بنائیں تاکہ پاکستان کا مستقبل محفوظ، روشن اور مضبوط ہو سکے۔