جاپانی کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے،وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد

اسلام آباد ۔ 10 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل انڈسٹری، سرمایہ کاری ، صنعت و پیداوار عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان قریبی دوستانہ اور تاریخی رشتوں میں مسنلک ہیں، جاپانی کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے، موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں درپیش معاشی چیلنجز کے خاتمے کے …

اسلام آباد ۔ 10 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل انڈسٹری، سرمایہ کاری ، صنعت و پیداوار عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان قریبی دوستانہ اور تاریخی رشتوں میں مسنلک ہیں، جاپانی کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے، موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں درپیش معاشی چیلنجز کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو) اور جاپان کی وزارت اقتصادیات اور پاکستان کی وزارت تجارت کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا انعقاد جاپان میں پاکستانی سفارتخانے نے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ پاکستان منفرد محل وقوع کا حامل ہے، جاپان اپنی مصنوعات پاکستان کے راستے مشرق وسطیٰ سمیت دیگر ممالک میں بھیج سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جی سیون ممالک میں سے پاکستان کے جاپان کے ساتھ بہترین تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات ہیں۔ جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں بنیادی ڈھانچے، آئی ٹی، زراعت، ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عمران خان کی قیادت میں درپیش چیلنجز کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی 86 کمپنیاں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں اورجیٹرو کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں یہ کمپنیاں نمایاں منافع حاصل کر رہی ہیں۔ سیمینار کے افتتاح میں جیٹرو کے پریذیڈنٹ یاسوشی اکوشی نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین تجارتی اور کاروباری تعلقات ہیں اور ان تعلقات میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ ہو رہا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

مزید خبریں