جرمنی میں طیارہ حادثہ، 3 ڈچ شہری ہلاک

جرمنی کے علاقے میں ہالینڈ کی سرحد کے قریب ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں تین ڈچ شہری ہلاک ہوگئے۔

برلن ۔15ستمبر (اے پی پی):جرمنی کے علاقے میں ہالینڈ کی سرحد کے قریب ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں تین ڈچ شہری ہلاک ہوگئے۔

شنہوا کے مطابق ہالینڈ کی وزارت خارجہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 57 اور 58 سالہ دو مرد اور 23 سالہ ایک خاتون شامل ہیں۔وزارت کے مطابق طیارے نے مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 25 منٹ پر وسطی مغربی ہالینڈ کے شہر ہلورسوم کے ایک چھوٹے ہوائی اڈے سے پرواز کی تھی۔ تقریباً 11 بج کر 18 منٹ پر جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ایرکلنز کے علاقے گردیراتھ کے قریب طیارے کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہوگیا، جس کے کچھ ہی دیر بعد وہ گر کر تباہ ہوگیا۔

حکام کے مطابق طیارے میں تینوں ہلاک شدگان ہی سوار تھے۔ طیارہ ہالینڈ کے ہلورسوم فلائٹ اسکول میں رجسٹرڈ تھا۔فلائٹ سکول کی انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات کا تعین ہونے تک تمام پروازیں فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ہالینڈ کے سیفٹی بورڈ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معاونت کے لیے دو فضائی تحقیقاتی ماہرین کو بھی بھیجا گیا ہے۔