پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے خون سے جمہوریت کے تسلسل کیلئے قربانی د ی،شازیہ مری اور فیصل کریم کنڈی کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز کی تاریخی اہمیت ہےاس دن پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے خون سے جمہوریت کے تسلسل کیلئے قربانی د ی ہے۔ عمران خان بھگوڑاہے۔ہمارے نو منتخب جیالے اپنے علاقوں کے عوام کی نمائندگی کریں گے۔ منگل کویہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ اس دن محترمہ بینظیر شہید کا تاریخی استقبال ہوا لیکن بدقسمتی سے سانحہ کارساز میں دو بم دھماکوں میں ہمارے کارکن شہید ہوئے ۔ لیکن یہ قربانیاں اس بات کی دلیل ہیں کہ اگر اس ملک میں کوئی نظام چل سکتا ہے تو وہ جمہوریت ہے۔

وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے سیلاب کی تباہی کا کیس لڑا اور دنیا بھرسے وفود پاکستان آئے۔ اس دوران وفاقی حکومت نےسیلاب متاثرین کیلئے 70 ارب روپے کا امدادی پیکیج دیا جس کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعےفی خاندان 25 ہزار روپے امدادی رقم تقسیم کیے گئے۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرف سے آج تک 65.79 ارب روپے 26 لاکھ 31 ہزار خاندانوں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے مسائل کے باوجود پھر پور کوشش کی کہ سیلاب متاثرین تک بروقت امداد پہنچائی جا سکے۔

وفاقی وزیر شازیہ مری نےکہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے دو حلقوں سے انتخاب لڑا اور عمران خان کو بڑے مارجن سے شکست دی۔ آج عمران خان بتائے کہ جس الیکشن کمیشن کے زیر نگرانی انہوں نے 6 قومی اور دو صوبائی حلقوں میں الیکشن جیتا، کیا اب بھی وہ کہیں گے کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے۔ معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمارے نمائندے الیکشن جیت کر قومی اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کریں گے جبکہ عمران خان الیکشن جیت کر بھی ان علاقوں کی نمائندگی نہیں کریں گے۔

شازیہ مری نے کہا کہ امریکی صدر جوئی بائیڈن کے بیان پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فوری رد عمل دیا جس کی وجہ سے امریکی حکام کو وضاحت جاری کرنا پڑی۔سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اپنے ریگولر مستحق خاندانوں کے علاوہ بھی لوگوں کی مدد کی اور پی ایم ٹی سکور میں لچک کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ غربت میں اضافہ ہوا جس کی نشاندہی ورلڈ بینک نے بھی کی ہے۔ اس بنا پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ مزید مستحق خاندانوں تک بڑھایا جا ئے گا۔