جمہوریہ ترکی کے وزیر قومی دفاع کے دورہ پاکستان سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا ، وزیر دفاع پرویز خٹک

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ جمہوریہ ترکی کے وزیر قومی دفاع کے دورہ پاکستان سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا ، دفاعی تعاون سمیت تمام شعبوں میں ترکی کے ساتھ شراکت داری کو استحکام دینے کے خواہاں ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریہ ترکی کے وزیر قومی دفاع جنرل ریٹائرڈ ہولوسی اکار کے ساتھ ملاقات …

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ جمہوریہ ترکی کے وزیر قومی دفاع کے دورہ پاکستان سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا ، دفاعی تعاون سمیت تمام شعبوں میں ترکی کے ساتھ شراکت داری کو استحکام دینے کے خواہاں ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریہ ترکی کے وزیر قومی دفاع جنرل ریٹائرڈ ہولوسی اکار کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ وزیر دفاع پرویز خٹک سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ جمہوریہ ترکی کے وزیر قومی دفاع کے دورہ پاکستان سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا ۔ وزیر دفاع نے دفاعی تعاون سمیت تمام شعبوں میں ترکی کے ساتھ شراکت داری کو استحکام دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہاکہ ترک صدر رجب طیب اردوان ایک بصیرت آمیز رہنما اور پاکستان کے حقیقی دوست ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ان کا ترقیاتی ایجنڈا انتہائی کامیاب ہے جو ترکی کی معاشی اور سیاسی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف اختیار کرنے اور فیٹف میں پاکستان کی حمایت کرنے پرپاکستان اور اس کے عوام حقیقی معنوں میں ترک حکومت کے شکر گزار ہیں ۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس کے کوئی جارحانہ عزائم نہیں ہیں ، پاکستان کے معاشی اور ترقیاتی ایجنڈے کو جارحیت سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہئے ۔ پاکستان نے علاقائی امن اور استحکام کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے اور خطے میں ایسے تمام اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا ۔ وزیر دفاع نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کو دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے نئے مواقعوں کی تلاش جاری رکھنی چاہئے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ دو طرفہ مشقوں سے دونوں ریاستوں کی پیشہ وارانہ دفاعی افواج کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا ۔ پرویز خٹک نے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ اعلیٰ سطحی ملٹری ڈائیلاگ گروپ (ایچ ایل ایم ڈی جی )کا 17سے 19اپریل 2019کو پاکستان میں منعقد ہونے والا 14واں دور کامیابی سے مکمل ہوا اور پاکستان دسمبر 2020میں ترکی میں منعقد ہونے والے ملٹری ڈائیلاگ گروپ کے 15ویں دور میں شرکت کے لئے تیار ہے ۔ ترک وزیر دفاع جنرل ریٹائرڈ ہولوسی اکار نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے ۔ ترک حکومت اور عوام ان تعلقات کو اسی زوروشور سے جاری رکھنے کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون ہمیشہ سے اہمیت کا حامل رہاہے اور ہم اس تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے مل کر کام کریں گے۔