جنوبی سوڈان میں پاکستان کے امن دستے عوام کو سیلاب سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی بند کو مضبوط بنارہے ہیں، اقوام متحدہ

United Nations
United Nations

اقوام متحدہ ۔28مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ جنوبی سوڈان میں پاکستان کے امن دستے اب ان سینکڑوں کلومیٹر طویل ڈائیکس(حفاظتی بند) کو مزید مضبوط بنارہے ہیں تاکہ عوام کوسیلاب سے بچایا جاسکے۔یواین آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ2021میں پانی کی سطح خطرناک حدتک بڑھناشروع ہوئی تو پاکستانی انجینئرزنے سینکڑوں کلومیٹرحفاظتی بند تعمیرکرنے کاکام سنبھالااورسیلابی پانی کوروکنے کیلئے عارضی دفاعی ڈھانچہ تعمیرکیا جسے اب وہ مزید مضبوط بنارہے ہیں ۔

پاکستانی انجینئرز کے کمانڈنگ آفیسر میجر وقاص سعید خان نے کہا کہ ہم سب سے پہلے جواب دہندگان تھے اور ہم نے پہلے مرحلے کے دوران تقریباً 88 کلومیٹر طویل ڈائکس بنائے تھے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ کے دوران ہمارا کام بنیادی طور پر ڈائیکس کومزید مضبوط بنا نا رہا ہے، ہم انہیں ساڑھے تین میٹر اونچی دیواروں میں تبدیل کر رہے ہیں جو گاڑیوں اور لوگوں کے لیے سڑک کے طور پر استعمال کرنے کے لیے کافی چوڑی ہیں۔

اقوام متحدہ کے مشن برائے جنوبی سوڈان کے سربراہ ہیروکو ہیراہارا کے مطابق مشن کا مقصد ہیومینٹیرئن ، لوکل کمیونٹیز اور ریاستی حکام کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا ہے تاکہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی وسیع پیمانے پر تکالیف کو کم کرنے کے لیے ایک مربوط منصوبہ تیار کیا جا سکے۔

عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ گھانا اور منگولیا کے امن دستے بھی ڈائکس پر مسلسل گشت کرتے ہیں تاکہ کسی بھی ٹوٹ پھوٹ یا رسائو کی اطلاع دیں جبکہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم )، ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی )، فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او)،یونیسف اور اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی یو این ایچ سی آرنے ہزاروں افراد کو خوراک، پانی، صفائی اور حفظان صحت کی امداد فراہم کی ہے۔