جیانی انفینٹینو کے منصوبے پر تنقید، فیفا کے اعلیٰ عہدیدار کیون لامور عہدے سے فارغ
جیانی انفینٹینو کے منصوبے پر تنقید، فیفا کے اعلیٰ عہدیدار کیون لامور عہدے سے فارغ

مزید خبریں
زیورخ۔18اگست (اے پی پی):عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی (فیفا )نے اپنے چیف آپریٹنگ آفیسر کیون لامور کو عہدے سے ہٹا دیا ۔ بی بی سی کے مطابق کیون لامور کی برطرفی فیفا صدر جیانی انفینٹینو کے نجی سرمایہ کاروں کو فٹبال مقابلوں میں حصص فروخت کرنے کے متنازع اور بعد ازاں منسوخ کیے گئے منصوبے پر شدید تنقید کے 3 ہفتے سے بھی کم عرصے بعد ہوئی ہے۔فیفا کے ترجمان نے تصدیق کی کہ فیفا اور کیون لامور کے درمیان چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے ملازمت کا تعلق 17 اگست 2026 کو ختم ہوگیا۔ فیفا نے کیون لامور کی 2 سالہ خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔فیفا کے سیکریٹری جنرل میتھیاس گرافشٹروم نے پیر کی شام ادارے کے ملازمین کو ای میل کے ذریعے بتایا کہ فیفا اور لامور نے باہمی طور پر الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔کیون لامور نے گزشتہ ماہ فیفا فارورڈ انٹرپرائز کے متنازع منصوبے کو ایک شخص کا منصوبہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اب فٹبال کی سیاسی قیادت کو درست سوالات اٹھانے اور درست فیصلے کرنے چاہییں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیفا کی اپنی انتظامیہ کو بھی اس منصوبے کے بارے میں دھوکے میں رکھا گیا۔کیون لامور نے کہا تھا کہ فیفا کے سینکڑوں ملازمین کا مقصد فٹبال کی خدمت کرنا ہے، جبکہ صدر کا کردار لوگوں کو متحد کرنا اور انہیں متاثر کرنا ہوتا ہے، لیکن موجودہ صورتحال اس کے برعکس ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ انہیں اپنے ادارے سے وفاداری کے ساتھ ساتھ مخصوص اقدار اور ساتھیوں کی حمایت کی ذمہ داری بھی محسوس ہوتی ہے۔ کیون لامور کا کہنا تھا کہ اگر اپنے مؤقف کی وجہ سے انہیں ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑا تو وہ اس فیصلے کو سمجھیں گے اور کم از کم سکون سے سو سکیں گے۔کیون لامور نے نومبر 2024 میں فیفا میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل وہ یورپی فٹبال تنظیم کے نائب سیکریٹری جنرل رہ چکے تھے اور انتظامی اعتبار سے جیانی انفینٹینو سے 2 درجے نیچے تھے۔رواں ماہ مراکش میں ہونے والے ایک اجلاس میں فیفا کے اعلیٰ حکام نے جیانی انفینٹینو کی حمایت کا اظہار کیا تھا، تاہم کیون لامور کو اس اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔فیفا کے سیکریٹری جنرل نے فیفا کونسل کے ارکان کو بھیجے گئے خط میں کہا کہ کیون لامور کے ساتھ علیحدگی کا فیصلہ حالیہ بات چیت اور محتاط غور و خوض کے بعد کیا گیا۔ انہوں نے کیون لامور کی خدمات، محنت اور فیفا کے لیے وابستگی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








