اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مزید خوبصورت اور سرسبز و شاداب بنانے کیلئے سی ڈی اے نے بدھ کے روز موسم بہار شجرکاری مہم 2026 کا شکرپڑیاں کے مقام پر بھرپور انعقاد کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے شجرکاری مہم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پائن کا درخت لگایا۔ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) …
وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے کی موسم بہار شجرکاری مہم 2026 کا انعقاد،پولن درختوں کی جگہ 30 ہزار درخت لگائے جائیں گے، مختار احمد بھرتھ

مزید خبریں
اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مزید خوبصورت اور سرسبز و شاداب بنانے کیلئے سی ڈی اے نے بدھ کے روز موسم بہار شجرکاری مہم 2026 کا شکرپڑیاں کے مقام پر بھرپور انعقاد کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے شجرکاری مہم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پائن کا درخت لگایا۔ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور ایم ڈی او جی ڈی سی ایل احمد حیات لک نے بھی اس موقع پر چیڑ کے درخت لگائے۔ شجرکاری مہم میں انوائرمنٹ کے سینئر افسران سمیت یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں کے طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ طلباء اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے سی ڈی اے کے ساتھ مل کر اس خصوصی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ او جی ڈی سی ایل کا بھی مشکور ہوں جو سی ایس آر کے تحت 20 ہزار درخت لگا رہے ہیں۔ وزیر مملکت برائے قومی صحت نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد کو رہنے کے قابل (Liveable) بنانے کے مقصد کیلئے پولن الرجی کے درختوں کو ہٹایا گیا ہے۔ پولن الرجی کے درختوں کو ہٹانے سے دارالحکومت اسلام آباد میں پولن کائونٹ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکر پڑیاں میں 8 ہزار پولن درختوں کی جگہ 30 ہزار بڑے سائز کے درخت لگائے جائیں گے۔ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ لگائے گئے درختوں کی بہتر نگہداشت کیلئے کیو آر کوڈ بھی لگائے جارہے ہیں۔ اسی طرح لگائے گئے درختوں کو نہ صرف کیو آر کوڈ بلکہ ایپ کے ذریعے بھی مانیٹر کیا جاسکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دن بدن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے گرین ایریاز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شجرکاری مہم میں حصہ لینے والے طلبہ، سول سوسائٹی اور کارپوریٹ سیکٹر کے نمائندگان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس شجرکاری مہم کے تحت دارالحکومت اسلام کی شاہرائوں، کمرشل مراکز سمیت پارکس میں ماحول دوست درخت لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ لگائے جانے والے درختوں اور پودوں کا باقاعدہ ریکارڈ بھی محفوظ کیا جارہا ہے۔ اسی طرح شجرکاری مہم میں کیو آر کوڈ اور خصوصی ایپ کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں لگائے جانے والے پودوں کی تفصیلات کیو آر کوڈ پر محفوظ اور باقاعدہ ٹریکنگ کا نظام بھی وضع کیا گیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کیو آر کوڈ کی مدد سے درختوں کی اقسام، عمر، ساخت، ان کی افزائش اور دیگر متعلقہ معلومات تک رسائی آسان ہوگی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ہم سب ملکر اپنے والدین، بہن بھائیوں اور بچوں کے نام کا ایک ایک پودا لازمی لگائیں تو اس کا ماحول پر انتہائی گہرا اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ایچ ای سی تمام طلباء کی شجرکاری میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی مارکس بھی دیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ آئیں! ہم سب مل کر ہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مزید سرسبز و شاداب بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے بورڈ، وزارت صحت اور ماہرین ماحولیات کی مشاورت سے پیپر ملبری کے درختوں کو ہٹایا اور ہر پودے کی جگہ کم ازکم تین نئے ماحول دوست پودے لگائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسم بہار شجرکاری مہم کے تحت مقامی، پھلدار اور سایہ دار درختوں کو لگایا جارہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہم سب کو مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے ہمارے ساتھتمام شہریوں کو بھی اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ سی ایس آر کے تحت جو بھی ادارے اس شجرکاری مہم میں شامل ہونا چاہتے ہیں ان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس شجرکاری مہم کا مقصد اسلام آباد شہر کے گرین کور میں اضافہ کرنا اور ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ایم ڈی او جی ڈی ایل احمد حیات لک نے کہا کہ اسلام آباد ہم سب کا شہر ہے اور اسکی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے سی ڈی اے کیساتھ ہرممکن تعاون کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور اسلام آباد کو سرسبز و شاداب رکھنے کیلئے نہ صرف سی ڈی اے بلکہ ہم سب کو ملکر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر شجرکاری مہم میں شریک طلباء، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شکر پڑیاں کے مقام پر چیڑ کے ہزاروں درخت لگائے۔








