حج 2027 کے لیے شہریوں کی آن لائن رجسٹریشن کے بعد واجبات کی آن لائن ادائیگی کا نظام بھی تیار کر لیا گیا ہے، وزارت مذہبی امور

وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حج آپریشن کو مکمل طور ڈیجیٹائز کرنے کے لئے اقدامات جاری ہیں ،

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حج آپریشن کو مکمل طور ڈیجیٹائز کرنے کے لئے اقدامات جاری ہیں ، حج 2027 کے خواہشمند پاکستانیوں کی آن لائن رجسٹریشن کے بعد واجبات کی آن لائن ادائیگی کا نظام بھی تیار کر لیا گیا ہے ، ون لنک کے ذریعے حج واجبات گھر بیٹھے جمع کرانا ممکن ہوگا جو کہ حج آپریشن مکمل ڈیجیٹل بنانے کی جانب بڑا قدم ہے ۔ منگل کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے اے پی پی کو بتایا کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے ڈیجیٹل حج نظام، شفافیت اور سہولت کی نئی مثال ہے ، آن لائن حج پورٹل نے ڈیڑھ لاکھ افراد کی رجسٹریشن کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج واجبات کے لیے بینک جانے کی ضرورت نہیں ہوگی درخواست گزار ون لنک کے ذریعے واجبات جمع کر اسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج 2027 کی رجسٹریشن اب گھر بیٹھے چند کلکس میں ممکن ہے، رجسٹریشن سے ادائیگی تک حج نظام مکمل ڈیجیٹل ہوگا،سمندر پار پاکستانی بھی گھر بیٹھے حج رجسٹریشن اور ادائیگی کر سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حج پورٹل میں درخواست کا سٹیٹس ایک کلک پر دستیاب ہوگا۔