حکومت بھارتی بربریت کو تمام عالمی فورمز پر اجاگر کر رہی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

راولپنڈی۔27اکتوبر (اے پی پی ) راولپنڈی آرٹس کونسل میں یوم سیاہ کشمیرکی تقریب سے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے ہیں ،گذشتہ ایک برس سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہاءکر دی ہے اور پیلٹس گن کا استعمال کرکے کشمیریوں کو بینائی سے محروم کیاجا رہاہے ،حکومت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کو تمام عالمی فورمز پر اجاگر کیا اور اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بہیمانہ کارروائیوں سے روکا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیر اہتما م راولپنڈی میں منعقدہ یوم سیاہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے لئے یو این میں تئیس کے قریب قراردا دیں پیش کی جا چکی ہیں۔ قراردادوں پر پاکستان ہندوستان اور سیکیورٹی کونسل کے ممبران کے دستخط موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھر کو بھارتی ہٹ دھرمی کے بارے میں آگاہ کیا جارہاہے اور اس حوالے سے حکومت خارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیر کو سرفہرست رکھتے ہوئے اسے عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مصروف ہے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ دفتر خارجہ کی ویب سائٹ سے حکومت پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل اور اس مسئلے کے حل کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ رہیں ۔انہوں نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے اور تحریک آزادی کشمیر کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔