حکومت تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے کےلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، پچھلے تین سال کے دوران ملک میں تیل اور گیس کے 83 ذخائر دریافت ہوئے، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کے اجلاس میں بریفنگ

اسلام آباد ۔ 28 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے کےلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، پچھلے تین سال کے دوران ملک میںتیل اور گیس کے 83 ذخائر دریافت ہوئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جون میں 6مقامات سے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں جن سے 50.1 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور 2359 بیرل تیل پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کےلئے ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں نئے لائسنس بھی جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 میں سے 2،2 دریافتیں او جی ڈی سی ایل اور مول پاکستان جبکہ ایک ایک پٹرولیم ایکسپلوریشن پرائیویٹ لمیٹڈ اور یونائیٹڈ انرجی لمیٹڈ پاکستان کی ہیں۔