حکومت شہریوں کو کورونا وائرس کی ویکسین مفت مہیا کرے گی،پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین خریدنے کیلئے ابتدائی فنڈز کی منظوری دے دی ہے اور حکومت شہریوں کو مفت ویکسین مہیا کرے گی، پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جو کورونا ویکسین کے مشکل فیز تھری ٹرائل میں حصہ لے رہا ہے جو کہ پوری قوم کیلئے اعزاز کی بات ہے، پاکستان میں چینی …

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین خریدنے کیلئے ابتدائی فنڈز کی منظوری دے دی ہے اور حکومت شہریوں کو مفت ویکسین مہیا کرے گی، پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جو کورونا ویکسین کے مشکل فیز تھری ٹرائل میں حصہ لے رہا ہے جو کہ پوری قوم کیلئے اعزاز کی بات ہے، پاکستان میں چینی کمپنی کے کلینیکل ٹرائلز کامیابی کے ساتھ جاری ہیں اور جلد ہی عام شہریوں کیلئے تیار کر لی جائے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کی مختلف کمپنیاں ویکسین کی تیاریوں میں مصروف ہیں، پاکستان نے ویکسین کی خریداری کے حوالے سے چند کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے اور ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، ایک دفعہ ویکسین موثر ثابت ہو جائے اس کے بعد یہ مارکیٹ میں دستیاب ہو جائے گی۔ ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ پاکستان ویکسین کی خریداری سے قبل مختلف فیکٹرز پر غور کرے گا جس میں ٹائپ آف ویکسین، اس کی تاثیر، سائیڈ ایفکٹس سے محفوظ، سٹوریج کی ضروریات، اس کی قیمت اور مینوفیکچرر کی پیداوار کی گنجائش شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوویکس پلیٹ فارم سے 186 ممالک کو سستے داموں ویکسین دستیاب ہوں گی اور پاکستان بھی اس پلیٹ فارم سے ویکسین خریدے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کروا رہی ہے، پاکستان بھی تین کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہے، ویکسین کی خریداری کیلئے 100 ملین ڈالر مختص کئے گئے ہیں اور کوویکس پلیٹ فارم ملکوں کی 20 فیصد آبادی کو ویکسین مہیا کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر پہلی سے زیادہ مہلک ثابت ہو رہی ہے اور اسی لئے حکومت نے ملک بھر کے تمام ہسپتالوں میں گنجائش میں اضافہ کیا ہے تاکہ صحت کے شعبے پر دبائو نہ پڑے۔ ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ملک کے مختلف حصوں میں جلسوں کے انعقاد سے کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، حکومت اکیلے وبا کا مقابلہ نہیں کر سکتی، ہم بحیثیت قوم یہ جنگ جیت سکتے ہیں اسلئے عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔