حکومت عالمی بینک اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں بھرپور معاونت کر رہی ہے،وفاقی وزیراحدخان چیمہ

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور احدخان چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت عالمی بینک اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں بھرپور معاونت کر رہی ہے،مالیات، توانائی اور اقتصادی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں عالمی بینک کی حال ہی میں تعینات ہونے والی کنٹری ڈائریکٹر بولوروما آمگابازر سے ملاقات کے …

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور احدخان چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت عالمی بینک اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں بھرپور معاونت کر رہی ہے،مالیات، توانائی اور اقتصادی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں عالمی بینک کی حال ہی میں تعینات ہونے والی کنٹری ڈائریکٹر بولوروما آمگابازر سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئی کہی۔

سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے نئی کنٹری ڈائریکٹر کو خوش آمدید کہا اور پاکستان میں ناجی بن حسائن کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے عالمی بینک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مستحکم بنانے اور شراکت داری کے اعلیٰ معیارات قائم کرنے میں ناجی بن حسائن کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی کنٹری ڈائریکٹر سابقہ قائدانہ کارکردگی کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی تیاری اور عملدرآمد میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت، عالمی بینک اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں بھرپور معاونت کر رہی ہے۔

انہوں نے حکومت کے مضبوط عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ مالیاتی، توانائی اور اقتصادی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور تمام پالیسیوں کا محور ملک کے لئے طویل المدتی اور پائیدار نتائج کا حصول ہے۔ عالمی بینک کے وفد نے اصلاحات کے سلسلے میں حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور صوبوں کے ساتھ مؤثر رابطے اور تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وفد نے وزارت اقتصادی امور کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی وزارت ترقیاتی اقدامات کی مؤثر ہم آہنگی اور عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہے۔ فریقین نے باہمی اعتماد اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کااعادہ کیا۔