اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی میں کمی لانے کیلئے کوششیں کر رہی ہیں اور جلد ہی عوام کیلئے پیکیج کا اعلان کیا جائے گا، گزشتہ چند ماہ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھی ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے بہت زیادہ فکر مند ہیں اور انہوں نے تمام …
حکومت عوام کیلئے جلد ہی ریلیف پیکیج کا اعلان کرے گی،معاون خصوصی سی ڈی اے امور علی نواز اعوان

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی میں کمی لانے کیلئے کوششیں کر رہی ہیں اور جلد ہی عوام کیلئے پیکیج کا اعلان کیا جائے گا، گزشتہ چند ماہ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھی ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے بہت زیادہ فکر مند ہیں اور انہوں نے تمام حکومتی وزرا کو مہنگائی کم کرنے کیلئے ہدایات دی ہیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت سے این آر او لینے میں ناکام ہوئی ہیں اور مایوس ہو کر واویلا کر رہی ہیں اور اب وہ جمہوریت کو فروغ دینے والے بن گئے ہیں۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن مختلف دھڑے بندیوں کا شکار ہے اور وہ عوام سے اس تقسیم کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے بدعنوان قائدین کو احتساب کے عمل سے تحفظ دینے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہیں تاہم موجودہ حکومت احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن اپنے پلان میں ناکام ہو گئی ہے، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ نواز شریف نے قومی اداروں کو بدنام کرنے کی مہم شروع کر دی ہے اور ملک دشمن عناصر کے بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے بھاری قرضے لیکر ملک پر قرضوں کا بوجھ ڈالا اور معیشت تباہ کی، حکومت کے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ دہائیوں کے مسئلے چند ماہ میں حل کر دے تاہم وزیراعظم عمران خان کی جامع پالیسیوں کی بدولت چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں۔








