حکومت قیمتوں میں کمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا وفاقی وزراکے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت قیمتوں میں کمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی، وزیراعظم اقتصادی بہتری کے لئے اقدامات نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، ماضی کے معاہدوں کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے لیکن ہم اس چلنجز کا مقابلہ کریں گے، جنہیں نیب سے چھٹکارا نہیں مل سکا انہوں نے دوسرا راستہ اختیار کیا، …

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت قیمتوں میں کمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی، وزیراعظم اقتصادی بہتری کے لئے اقدامات نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، ماضی کے معاہدوں کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے لیکن ہم اس چلنجز کا مقابلہ کریں گے، جنہیں نیب سے چھٹکارا نہیں مل سکا انہوں نے دوسرا راستہ اختیار کیا، حکومت نے معاشی بہتری کے لئے بہت مشکل فیصلے کئے، بہتری میں وقت لگے گا۔ بدھ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یہاں وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکورٹی مخدوم سیّد فخر امام اور وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں استحکام لانا حکومت کا فرض ہے، وزیراعظم عمران خان کی حکومت اپنے فرائض سے غافل نہیں، ایک طبقہ ڈیمانڈ اور سپلائی میں تفاوت سے ناجائز فائدہ اٹھاتا ہے، گندم کیلئے ڈیمانڈ اور سپلائی کے فرق کو سامنے رکھتے ہوئے امپورٹ کرنے کا درست فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ عوام چینی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب تکلیف میں ہیں، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو میرا پیغام یہ ہے کہ حکومت آپ کو ایسا ہرگز نہیں کرنے دے گی، قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے کل وزیراعظم نے تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کے ساتھ میٹنگ کی اور اس حوالہ سے اہم فیصلے کئے گئے جس میں روزانہ کی بنیاد پر پیداوار کے حجم میں اضافہ شامل ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میں اپنے ان کارکنان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مارکیٹ کی اصلی صورتحال سے ہمیں آگاہ کیا، ذخیرہ اندوزوں کی بیخ کنی کیلئے صوبائی حکومتوں کا کردار نہایت اہم ہے، ذخیرہ اندوزوں کو چیک کرنا، نرخنامہ پر عملدرآمد کرانا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، وفاقی حکومت ساری صورتحال سے آگاہ ہے اور قیمتوں کے استحکام کیلئے ہم ہر قسم کے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پچھلے سال مارکیٹ میں گندم کا ریٹ زیادہ تھا لیکن کاشتکار نے ایثار کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم منافع پر گندم دینے پر آمادگی کا اظہار کیا، اگرچہ کاشتکار کی فی ایکڑ لاگت میں بھی اضافہ ہوا۔ آئندہ ای سی سی کے اجلاس میں ہم کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی خصوصی اقدامات اٹھائیں گے۔ اشیاءخوردنی کی ذخیرہ اندوزی کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گی اس کے خلاف صوبوں کے ساتھ مل کر سخت ایکشن لیں گے تاکہ لوگوں کو آٹا چینی مناسب داموں پر میسر آ سکیں۔ حکومت کی حکمت عملی یہی رہی ہے کہ درآمد کی حوصلہ شکنی کی جائے اور برآمدات کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کل وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ پنجاب میں فلور ملز کو گندم کی فراہمی کو 16000 ٹن سے 25000 ٹن تک اضافہ کا فیصلہ ہوا۔ 4000 کے قریب یوٹیلٹی سٹورز پر آٹے چینی کی سپلائی کو بھی بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ طبقہ جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہا ہے اس کیلئے سبسڈی اس طبقے کو دی جائے گی، قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ان کے خلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کیا گیا ہے، جنہیں نیب سے چھٹکارا نہیں مل سکا ۔انہوں نے دوسرا راستہ اختیار کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مہنگائی ایک مسئلہ ضرور ہے لیکن یہ راتوں رات نہیں ہوا یہ معاشی تکالیف سال، دو سال کی پیداوار نہیں ہیں یہ بڑھتے بڑھتے بڑھی ہیں، ہماری حکومت کو سخت اور مشکل فیصلے کرنے پڑے اگر ہم نہ کرتے تو ملک ڈوبتا دکھائی دے رہا تھا، کورونا وبائی چیلنج نے ہماری مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔ بہتری کیلئے وقت لگے گا لیکن انشاءاﷲ ہم اس عارضی بحران پر جلد قابو پا لیں گے، ہم نے آپ کی خدمت میں ان ایکشنز اور عملی اقدامات کو رکھا ہے جن کی بدولت ہم بہتری کیلئے پرامید ہیں۔