حکومت معیشت کے استحکام کے لیے درست اقدامات کر رہی ہے، شازیہ مری

حکومت معیشت کے استحکام کے لیے درست اقدامات کر رہی ہے، شازیہ مری

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسداد غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کے استحکام کے لیے درست اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو معیشت کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں متعدد بار مداخلت اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف جنگ کے باوجود ہم بحیثیت قوم اپنے ملک کے لیے کھڑے ہو کر اسے ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ کسی نے ٹھیک کہا ہے کہ ’’مضبوط معیشت قومی طاقت کا سرچشمہ ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ معیشت ہر چیز کا آغاز اور اختتام ہے ، آپ اس وقت تک کوئی اصلاحات نہیں لا سکتے جب تک آپ کے پاس مضبوط معیشت نہ ہو۔

شازیہ مری نے اپنی وزارت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت غریبوں کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے، معیشت کیلئے نقصان دہ عوامل بالآخر ملک کے غریب طبقات کو سب سے زیادہ متاثر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار ان 43 ممالک میں ہوتا ہے جو سب سے زیادہ غربت کا شکار ہیں جبکہ اس کی 54 فیصد آبادی صحت کے مسائل کی وجہ سے غربت کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریباً 52 ملین لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں جبکہ 30 فیصد گھرانوں کو خوراک کے عدم تحفظ کا سامنا ہے ،

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام 80 لاکھ خاندانوں کو مالی مدد اور دیگر سہولیات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معیشت کے استحکام کو یقینی بنانے اور عوام کو غربت سے نکالنے کے لیے درست اقدامات کرنے ہوں گے۔