اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو جدید تقاضوں کے عین مطابق معاشرے کے فعال اور ذمہ دار شہری ہونے کے قابل بنایا جائے تاکہ وہ کسی پر بوجھ بنے بغیر اپنی ترقی کا سفر جاری رکھ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”سفید چھڑی“ کے عالمی دن کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل آف سپیشل ایجوکیشن کے زیر …
خصوصی افراد کو جدید تقاضوں کے عین مطابق معاشرے کا فعال شہری بنایا جائے، شیریں مزاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو جدید تقاضوں کے عین مطابق معاشرے کے فعال اور ذمہ دار شہری ہونے کے قابل بنایا جائے تاکہ وہ کسی پر بوجھ بنے بغیر اپنی ترقی کا سفر جاری رکھ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”سفید چھڑی“ کے عالمی دن کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل آف سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیریں مزاری نے کہا کہ یہ دن بصارت سے محروم افراد سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ ہماری ذمہ داریوں کا احساس بھی دلاتا ہے۔ یہ دن ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ ہم ان افراد کو معاشرے میں ان کا صحیح مقام دلائیں اور اس سلسلے میں معاشرتی رویوں کو بھی درست کریں تاکہ ہر شہری ان افراد کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے اسلام آباد میں موجود تمام بڑی عمارتوں کو ان افراد کے لئے قابل رسائی بنانے اور نوکریوں کے لئے مقرر کردہ کوٹہ پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ باقی دنیا کی طرح پاکستان بھی کورونا وبا سے شدید متاثر ہوا ہے۔ تعلیمی اداروں کی بندش سے جہاں عام طلبا کا تعلیمی نقصان ہوا وہاں ان خصوصی طلبا کا بھی بہت حرج ہوا تاہم وزارت انسانی حقوق کے محدود وسائل کے باوجود ہم ان افراد کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپیشل ایجوکیشن کی کوششوں کو بھی سراہا جو اس نے وبا کے دوران ان بچوں اور دیگر افراد کی فلاح و بہبود کے لئے انجام دیں۔ شیریں مزاری نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ وزارت انسانی حقوق نے خصوصی بچوں کے لئے چھ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے جن میں سے تین پرانے منصوبوں کی تکمیل کیلئے معیاد کو بڑھایا گیا ہے اور تین نئے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ میری وزارت میں موجود ڈویلپمنٹ ونگ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے بہت اہم ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے ان خصوصی افراد کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ شیری رحمان نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کو ڈیجیٹل وائیٹ کین، سمارٹ فونز اور جاز سافٹ ویئر کے استعمال کے ذریعے جدید تعلیم تک رسائی ممکن ہو سکے گی جس کے ذریعے یہ افراد ای۔لائبریری کے ساتھ منسلک ہو جائیں گے اور اس طرح وہ مقابلے کے امتحانات کی تیاری بھی آسانی کے ساتھ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے پاکستان میں این جی اوز اور میڈیا کا کردار بہت شاندار رہا ہے تاہم میں پھر بھی متعلقہ اداروں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ان خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیشل ایجوکیشن کے ڈائریکٹر جنرل شیخ اظہر سجاد نے کہا کہ ”سفید چھڑی“ کا عالمی دن جہاں ہمیں تمام محروم طبقات سے اظہار یکجہتی کا موقع فراہم کرتا ہے وہاں پورے معاشرے مین معاشرتی ذمہ داریوں سے آگاہی بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے نئے منصوبوں کے بارے میں بریف کیا اور وفاقی وزیر کا ان منصوبوں میں دلچپسی لینے اور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود سے متعلقہ مزید نئے منصوبے بھی جلد منظوری کے لئے پیش کریں گے۔ پروگرام کے آخر میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری نے بصارت سے محروم طلباءطلبہ و طالبات میں تعلیم میں استعمال ہونے والے مددگار آلات بھی تقسیم کئے۔








