خلیج تعاون کونسل اورامریکا کا اجلاس، خطے میں استحکام اور خوشحالی یقینی بنانے کے لیے تعاون پر زور

خلیج تعاون کونسل اورامریکا کا اجلاس

ریاض ۔9جون (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل اور امریکا کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس میں خطے میں استحکام، خوشحالی اور معاشی ترقی یقینی بنانے کے لیے باہمی تعاون برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔سعود ی خبررساں ادارے کے مطابق جی سی سی کے رکن ممالک اور امریکا کے وزرائے خارجہ کے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ اجلاس کےبعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شرکا نے مختلف امور بارے سمجھوتوں کا اعلان کیا ہے۔

اس اجلاس میں جی سی سی ممالک کے وزرائے خارجہ بشمول سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے شرکت کی۔شرکا نے گزشتہ وزارتی اجلاسوں اور جولائی 2022 میں منعقدہ جدہ سربراہی اجلاس کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ مختلف شعبوں میں مشاورت، ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنایا جاسکے۔ شرکانے امریکا، جی سی سی کونسل اور ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان شراکت داریوں کا مقصد مشرق اوسط میں امن و سلامتی، استحکام اور معاشی خوش حالی یقینی بنانا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزرائے خارجہ نے خطے میں کشیدگی میں کمی لانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ کوششیں سفارتی ذرائع سے کی جانی چاہئیں۔وزرا نے باہمی رابطے بڑھانے ، علاقائی استحکام اور خوش حالی میں کردار ادا کرنے میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

شرکانے جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کو برقرار رکھنے اور خطے کی آبی گزرگاہوں میں جہازوں کی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے عالمی معیشت اور بین الاقوامی تجارت میں خطے کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی سلامتی کے لیے اپنے ملک کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

جی سی سی اور امریکا کے درمیان تزویراتی شراکت داری کے ضمن میں وزرائے خارجہ نے تعاون اور ہم آہنگی برقرار رکھنے اوردفاعی امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے وقتاً فوقتاً ورکنگ گروپوں کے اجلاس بلانے پر اتفاق کیا اور اس سال کے آخر میں جی سی سی اور امریکا کے مربوط فضائی، میزائل دفاعی اور سمندری سلامتی کے ورکنگ گروپوں کا ایک اور دور منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔