کوئٹہ۔ 14 ستمبر (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہماری نصف سے زائد آبادی پر مشتمل خواتین ہمارے معاشرے اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں جنکی صلاحیتوں اور شراکت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ بااختیار خواتین پہلے ہی زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں لیکن ہم انہیں مزید بااختیار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، مرد …
خواتین ہمارے معاشرے اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ،گورنر جعفر خان مندوخیل

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 14 ستمبر (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہماری نصف سے زائد آبادی پر مشتمل خواتین ہمارے معاشرے اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں جنکی صلاحیتوں اور شراکت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ بااختیار خواتین پہلے ہی زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں لیکن ہم انہیں مزید بااختیار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، مرد اور عورت دونوں کی مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہم ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ اس ہم آہنگی سے نہ صرف خواتین بلکہ پورے معاشرے کو فائدہ پہنچے گا۔ ایرانی کلچرل سینٹر کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے کی تقریب لائق تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایران کے کلچرل سینٹر کوئٹہ کے زیر اہتمام ’’ ویمن ایمپاورمنٹ ایکسپو 2025 ‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ماہی گیری حاجی برکت علی رند، نگران، رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ، سابق وفاقی وزیر رحمت اللہ کاکڑ، قائمقام ایرانی قونصل جنرل آغا شائقی، ڈائریکٹر جنرل ایرانی کلچرل سینٹر ابوالحسن میری سمیت خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر ہمسایہ ممالک ہیں، جسطرح ایران نے اسرائیل کا جرات مندانہ مقابلہ کیا، اسی طرح پاکستان نے بھی بھارت کو صرف تین دن کے اندر اپنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔
اب اسرائیل اور بھارت دونوں کسی بھی مسلمان ملک پر حملہ کرنے سے پہلے ضرور کئی بار سوچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی یہ تقریب دراصل ایک عادلانہ اور منصفانہ معاشرے کی تعمیر کے اہم پہلو کو اجاگر کرتی ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کی اصطلاح یہاں محض رسمی حقوق دینے سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ خواتین کو روایتی احترام دینے سے زیادہ انہیں مساوی انسان کے طور پر تسلیم کرنے کے بارے میں ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ زندگی کے شعبوں میں خواتین کی نمائندگی اور شرکت کو یقینی بنائیں۔ ہمیں یقین ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے نہ صرف مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ یہ ہمیں پورے معاشرے کو بااختیار بنانے کے قابل بنائیں گے۔
ہمارا وژن ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر عورت عزت، احترام اور مساوی حقوق کے ساتھ رہ سکے۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے خواتین کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا، ان کی بنائی گئی ثقافتی پروڈکٹس میں دلچسپی لی اور ان کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔ اختتامی تقریب کے آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے منتظمین اور مہمانانِ گرامی میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔







