خیبرپختونخوا پولیس میں منتخب 27آفس اسسٹنٹس میں تقرر نامے تقسیم

خیبرپختونخوا پولیس میں منتخب 27آفس اسسٹنٹس میں تقرر نامے تقسیم

پشاور۔ 06 جولائی (اے پی پی):پبلک سروس کمیشن کے ذریعے خیبرپختونخوا پولیس میں منتخب 27آفس اسسٹنٹس میں تقرر نامے تقسیم کر دیئے گئے۔پیر کو ترجمان سنٹرل پولیس آفس پشاور کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس میں خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پربھرتی ہونے والے ان 27آفس اسسٹنٹس میں تقرر ناموں کی تقسیم کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید تھے، ایڈیشنل انسپکٹرجنرلز، ڈپٹی انسپکٹر جنرلز اور پولیس کے دیگر سینئر افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

آئی جی پی ذوالفقار حمید نے نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں میں تقرر نامے تقسیم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس میں شفافیت، میرٹ اور پیشہ وارانہ صلاحیت کی بنیاد پر بھرتیوں کا عمل ادارے کی مضبوطی اور عوامی اعتماد کے فروغ کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ پولیس فورس کی تشکیل کے لیے باصلاحیت اور تربیت یافتہ افرادی قوت ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آفس اسسٹنٹس کی شمولیت سے خیبرپختونخوا پولیس کے ڈیجیٹل نظام، ڈیٹا مینجمنٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای گورننس کے اقدامات کو مزید تقویت ملے گی جس سے پولیسنگ کے معیار اور عوامی خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔آئی جی پی نے نئے ملازمین پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، نظم و ضبط، محنت اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے محکمہ پولیس کی نیک نامی اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھائیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو جدید، ٹیکنالوجی سے آراستہ، پیشہ ور اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل بلا تعطل جاری رہے گا اور میرٹ، شفافیت اور احتساب کی پالیسی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

آئی جی پی نے نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور بہترین کارکردگی کے ذریعے محکمہ پولیس کی ساکھ کو مزید مضبوط بنائیں گے۔واضح رہے کہ خیبر پختونخواہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 27 بشمول 3لیڈیزآفس اسسٹنٹس خیبر پختونخواہ پولیس کا حصہ بنے ہیں۔

جن نئے ملازمین کو تقرر نامے حوالہ کئے گئے ان میں ظاہر اللہ خان، محمد اعجاز، طفیل احمد، ناظم حیدر ، حافظ زعفران اللہ، جہاں سعید بادشاہ، طارق ایوب، ابوذر خان، شبیر احمد، نوید اقبال، غلام نذیر، محمد عمران، محمد عدنان، فخرالاسلام، سلمان خان، محمد عاصم، جمال خان، نعمت الاعظم، فیصل شفیق، شاہ فیصل، خرم ہارون، طاہر بحر خان، عرفان اللہ، محمد عمیر، نمرا عندلیب، مائدہ نیاز اور ہریرہ زیب شامل ہیں۔