خیبر پختونخوا میں یوریا کے غلط استعمال کی روک تھام کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس نظام وضع کیا جا رہا ہے، رانا تنویر حسین

وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں یوریا کے غلط استعمال کی روک تھام کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس نظام وضع کیا جا رہا ہے جس کے بعد صوبائی حکومت سے یوریا پر عائد پابندی ختم کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں یوریا کے غلط استعمال کی روک تھام کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس نظام وضع کیا جا رہا ہے جس کے بعد صوبائی حکومت سے یوریا پر عائد پابندی ختم کرنے کی درخواست کی جائے گی۔بدھ کو قومی اسمبلی میں اسد قیصر اور دیگر کے خیبر پختونخوا میں حکام کی جانب سے یوریا کھاد کی خرید وفروخت،اس کے ذخیرہ کرنے اور نقل وحمل پر پابندی کے نتیجے میں اس کی ذخیرہ اندوزی،قلت اور قیمتوں میں اضافے سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشت گردی کے بعض واقعات میں یوریا استعمال کرکے مقامی طور پر دھماکا خیز مواد تیار کئے جانے کے باعث صوبائی حکومت نے یوریا کے استعمال پر پابندی عائد کی۔

انہوں نے کہا کہ یوریا فصلوں کیلئے ایک اہم جزو ہے اور خیبر پختونخوا میں سالانہ تقریباً تین لاکھ میٹرک ٹن یوریا استعمال ہوتی ہے، ملک میں استعمال ہونے والی مجموعی یوریا میں خیبر پختونخوا کا حصہ تقریباً 4.8 فیصد ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یوریا کے غلط استعمال کی روک تھام اور کسانوں کو اس کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس نظام وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے وزارت صنعت و پیداوار کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں ڈی جی ملٹری آپریشنز اور ایف بی آر و دیگر اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ کمیٹی کو تمام اقسام کی کھاد کیلئے سافٹ ویئر تیار کرنے، ریٹیلرز اور کسانوں کے اندراج کیلئے موبائل ایپ بنانے اور یوریا کے ٹریک اینڈ ٹریس نظام کیلئے ایس او پیز وضع کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو ایک ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اس کے دو اجلاس ہو چکے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یوریا کسانوں کی بنیادی ضرورت ہے بالخصوص گندم اور مکئی سمیت مختلف فصلوں کیلئے اس کا استعمال ضروری ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ایس او پیز اور فریم ورک جلد مکمل کیا جائے تاکہ صوبائی حکومت سے یوریا پر عائد پابندی ختم کرنے کی درخواست کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب دہشت گردی کے خلاف ایکشن پلان پر عملدرآمد کا تقاضا کیا جاتا ہے اور دوسری جانب بعض پابندیوں کے باعث کسانوں کو درپیش مشکلات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

مزید خبریں