دس بلین ٹری سونامی پراجیکٹ وزیراعظم عمران خان کے ویزن کے مطابق ملک میں جنگلات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ اور گرین روزگار کی فراہمی کی جانب بڑا قدم ہے،ملک امین اسلم

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ دس بلین ٹری سونامی پراجیکٹ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک میں جنگلات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ اور گرین روزگار کی فراہمی کی جانب بڑا قدم ہے، قدرتی ماحول کے تحفظ و ترقی کے متعلق سیاسی عزم موجود ہے، ان کوششوں کے نتیجے میں مستقبل کی …

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ دس بلین ٹری سونامی پراجیکٹ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک میں جنگلات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ اور گرین روزگار کی فراہمی کی جانب بڑا قدم ہے، قدرتی ماحول کے تحفظ و ترقی کے متعلق سیاسی عزم موجود ہے، ان کوششوں کے نتیجے میں مستقبل کی نسلوں کے لئے ملک میں بہتر ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ بدھ کو اپنے ایک انٹرویو میں امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت قدرتی ماحول کے تحفظ و فروغ کے حوالے سے سنجیدہ ہے، ٹمبر مافیا اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث عناصر کو خبردار کیا جاتا ہے کہ جنگلات کی سختی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، انہیں نقصان پہنچانے کے زمہ داران کے خلاف فاریسٹ ایکٹ کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی لانے کی کوششوں کے سلسلے میں جنگلات جیسے قدرتی وسائل کے تحفظ کے لئے ٹمبر مافیا کے خلاف پہلے ہی کارروائیاں جاری ہیں۔ امین اسلم نے کہا کہ حکومت نے سو سال سے زائد عمر کے قدیم درختوں کو ورثہ قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے، نئے پودے لگانے اور پہلے سے موجود درختوں کی حفاظت کرنا نہ صرف حکومت کی زمہ داری ہے بلکہ اس حوالے سے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 2023 تک پورے ملک میں 10 ارب درخت لگانے کے لئے پرعزم ہے، یہ منصوبہ گیم چینجر ثابت ہو گا، اس منصوبے کے فنڈز اور شجر کاری کے اعداد وشمار سمیت تمام تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام پر آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام اکائیوں میں عملدرآمد جاری ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ حکومت کا گرین سٹیمولس پروگرام ملک کے سر سبز رقبہ کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ کورونا وبا کے دوران نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کا بھی حصہ ہے۔، اس حوالے سے سیاسی عزم موجود ہے اور ان کوششوں کے نتیجے میں مستقبل کی نسلوں کے لئے ملک میں بہتر اور صحت افزا ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔