دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت، واپڈا کا متاثرین کی بحالی پر زور

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کی خصوصی ہدایت پر جنرل منیجر لینڈ ایکوزیشن اینڈ ری سیٹلمنٹ/ہیومن ریسورسز، واپڈا، بریگیڈیئر (ر) شعیب تقی نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تحت جاری سماجی و معاشی ترقیاتی منصوبوں، متاثرین کی بحالی، اعتماد سازی کے اقدامات اور معاہدہ 2025 پر عملدرآمد کو مزید تیز کرنے اور حکومت گلگت بلتستان و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے …

گلگت۔ 19 جولائی (اے پی پی):چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کی خصوصی ہدایت پر جنرل منیجر لینڈ ایکوزیشن اینڈ ری سیٹلمنٹ/ہیومن ریسورسز، واپڈا، بریگیڈیئر (ر) شعیب تقی نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تحت جاری سماجی و معاشی ترقیاتی منصوبوں، متاثرین کی بحالی، اعتماد سازی کے اقدامات اور معاہدہ 2025 پر عملدرآمد کو مزید تیز کرنے اور حکومت گلگت بلتستان و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے گلگت اور دیامر کا چار روزہ دورہ کیا۔ترجمان دیامر بھاشا ڈیم کے مطابق دورے کے دوران انہوں نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، کمشنر دیامراستور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر دیامر، ڈیم علماء کمیٹی اور دیگر متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں، متاثرین کی بحالی، معاہدہ 2025 پر عملدرآمد، درپیش مسائل کے حل اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ واپڈا، حکومت گلگت بلتستان اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان قریبی روابط کے ذریعے منصوبوں پر بروقت عملدرآمد اور عوامی مسائل کے مؤثر حل کو یقینی بنایا جائے گا۔دورے کے دوران واپڈا پراجیکٹ آفس چلاس میں ایک اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں چلاس واٹر سپلائی اسکیم، ہرپن داس ماڈل ویلیج میں متاثرین کی آبادکاری، پلاٹس کی لینڈ لیولنگ، پانی کی فراہمی، سڑکوں، سیوریج اور دیگر ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

جنرل منیجر واپڈا نے چیئرمین واپڈا کی ہدایات کے مطابق تمام منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے، درپیش رکاوٹیں فوری دور کرنے، باہمی رابطہ مؤثر بنانے، تعمیراتی معیار برقرار رکھنے اور منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ متاثرین کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ بعد ازاں بریگیڈیئر (ر) شعیب تقی نے ہرپن داس ماڈل ویلیج کا دورہ کرکے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور پلاٹس کے لیے زمین ہموار کرنے سمیت تمام ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر مولانا حضرت اللہ کی سربراہی میں ڈیم علماء کمیٹی کے وفد نے جنرل منیجر واپڈا سے ملاقات کی اور لیفٹ اوور لینڈ، ہاؤس ہولڈ پیکیج (مسنگ و ڈبل چولہے)، مقامی افراد کے روزگار اور معاہدہ 2025 پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

جنرل منیجر واپڈا نے وفد کو یقین دلایا کہ متاثرین کے جائز حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام معاملات ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے عارضی ملازمین، دیامر معذور ایسوسی ایشن اور تانگیر کے عمائدین کے وفود نے بھی جنرل منیجر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں عارضی ملازمین کی مستقلی، معذور افراد سے متعلق امور، تانگیر اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے لیے اراضی کے حصول سمیت دیگر متعلقہ معاملات پر گفتگو ہوئی جبکہ جنرل منیجر ایل اے اینڈ آر/ایچ آر ڈی نے یقین دلایا کہ تمام امور کو قواعد و ضوابط کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا رہا ہے ۔

دورے کے اختتام پر بریگیڈیئر (ر) شعیب تقی نے ریڈ فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام کمیونٹی بیسڈ اسکول اور چلاس ریجنل ہیڈکوارٹر (آر ایچ کیو) اسپتال کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں محکمہ تعلیم دیامر اور ریڈ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے واپڈا کے تعاون سے چلنے والے کمیونٹی اسکولوں کی پیش رفت کے علاوہ واپڈا کی جانب سے چلاس آر ایچ کیو اسپتال کو فراہم کیے گئے طبی آلات و سہولیات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔