رافیل نڈال کی فتوحات کا سلسلہ برقرار ، عالمی نمبر ون نوویک جوکووچ کو شکست دے کر فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں داخل

رافیل نڈال کی فتوحات کا سلسلہ برقرار ، عالمی نمبر ون نوویک جوکووچ کو شکست

پیرس۔1جون (اے پی پی):ہسپانوی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار رافیل نڈال فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے ،کلے کورٹ کے بادشاہ نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ایک اور میگا ایونٹ کے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ کو شکست دے کر15ویں مرتبہ ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

یوں سربیا کے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ کا رافیل نڈال کے 21 گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ برابر کرنے کا خواب بھی چکناچور ہوگیا۔سال کا دوسرا گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اپنی آب وتاب سے جاری ہے ۔

مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں 35 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن سربیا کے نوویک جوکووچ کو 2-6، 6-4، 2-6 اور 6-7(4-7)سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔میگا ایونٹ کے ففتھ سیڈڈ رافیل نڈال اب اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں اور فرنچ اوپن ٹینس سنگلز کا 14 ویں مرتبہ ٹائٹل جیتنے کے لئے مزید دو فتوحات درکار ہیں۔

رافیل نڈال اور نوویک جوکووچ کے درمیان کوارٹر فائنل میچ چارگھنٹے اور 12منٹ تک جاری رہا اور رافیل نڈال جیت کر 15ویں مرتبہ فرنچ اوپن ٹینس کے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچے ۔

سیمی فائنل میں ہسپانوی ٹینس سٹار کا مقابلہ جرمنی کے الیگزینڈرزویروف سے ہوگا ، انہوں نے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں سپین کے کارلوس الکاراز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ ان کی فتح کا سکور 4-6، 4-6، 6-4 اور 6-7(7-9)رہا۔