راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے کینٹ کے مختلف علاقوں میں واٹر سپلائی نظام کو مزید مؤثر، جدید اور پائیدار بنانے کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کر دیا

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ (آر سی بی) نے کینٹ کے مختلف علاقوں میں واٹر سپلائی نظام کو مزید مؤثر، جدید اور پائیدار بنانے کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کر دیا ہے۔ ان منصوبوں کے تحت نئی واٹر سپلائی لائنوں کی تنصیب، پرانی لائنوں کی تبدیلی، پانی کے ذخیرے میں اضافہ، فلٹریشن نظام کی اپ گریڈیشن اور پانی کے دباؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں

راولپنڈی۔19جولائی (اے پی پی):راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ (آر سی بی) نے کینٹ کے مختلف علاقوں میں واٹر سپلائی نظام کو مزید مؤثر، جدید اور پائیدار بنانے کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کر دیا ہے۔ ان منصوبوں کے تحت نئی واٹر سپلائی لائنوں کی تنصیب، پرانی لائنوں کی تبدیلی، پانی کے ذخیرے میں اضافہ، فلٹریشن نظام کی اپ گریڈیشن اور پانی کے دباؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے سی ای او راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ عامر رشید نے بتایا کہ ویلی روڈ، ویسٹریج میں دو لاکھ گیلن گنجائش کے جدید انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔ جدید انجینئرنگ معیار کے مطابق تعمیر ہونے والے اس منصوبے سے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہو گا، پانی کے دباؤ میں بہتری آئے گی اور ریس کورس، ویلی روڈ، ویسٹریج 1، 2 اور 3، پشاور روڈ کی لائن نمبر 1 سے 7 سمیت ملحقہ رہائشی علاقوں کو زیادہ مستحکم اور قابل اعتماد پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کنٹونمنٹ کے مختلف علاقوں میں 90، 110، 150 اور 160 ملی میٹر قطر کی جدید پولی ایتھلین (PE) اور جی آئی پائپ لائنیں بچھائی جا رہی ہیں۔ یہ کام آشیانہ چوک اللہ آباد، گوالمنڈی، مصریال روڈ، شالے ویلی، کمال آباد، نصیر آباد، دھمیال روڈ، چاکرہ ہاؤسنگ سوسائٹی، پشاور روڈ، آفیسر کالونی، نئی افشاں کالونی، عزیز آباد، مدینہ کالونی، راول ٹاؤن اور دیگر متعدد علاقوں میں جاری ہے جبکہ بعض منصوبے مکمل اور کئی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور روڈ (چیئرنگ کراس) انڈر پاس منصوبے کے دوران واٹر سپلائی نظام کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے پرانی مین لائنوں کو محفوظ طریقے سے منتقل کر کے 200، 160، 110 اور 90 ملی میٹر قطر کی نئی پائپ لائنیں نصب کی گئی ہیں۔ اس تمام عمل کے دوران واٹر سپلائی اور انجینئرنگ ٹیموں نے مسلسل نگرانی کی تاکہ تعمیراتی کام بھی جاری رہے اور شہریوں کو پانی کی فراہمی میں کوئی تعطل نہ آئے۔ سی ای او نے کہا کہ واٹر سپلائی نیٹ ورک کا تفصیلی جائزہ بھی لیا جا رہا ہے اور پانی کے ضیاع کی روک تھام، لائنوں کی بہتری اور فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انجینئرنگ، واٹر سپلائی اور فیلڈ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر منصوبوں کا معائنہ کر رہی ہیں جبکہ خصوصی مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری بنیادی سہولیات، بالخصوص صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور مستقبل میں بھی بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی سہولیات کے فروغ کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ سی ای او کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل سے پانی کی فراہمی کا نظام مزید مستحکم ہو گا، پانی کے دباؤ اور سپلائی کے معیار میں بہتری آئے گی اور کینٹ کے ہزاروں شہریوں کو جدید بلدیاتی سہولیات میسر آئیں گی۔ شہری حلقوں نے بھی واٹر سپلائی نظام کی بہتری کے لیے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان منصوبوں سے صاف پانی کی فراہمی مزید بہتر اور پائیدار ہو گی۔