ریڈیو پاکستان سرگودھا کی جانب سے پروگرام ادب نامہ میں بعنوان “ادب سماج اور انسانیت “ پروگرام پیش کیا گیا

ریڈیو پاکستان سرگودھا ایف ایم 101 کی جانب سے پروگرام ادب نامہ میں بعنوان “ادب سماج اور انسانیت “ پروگرام پیش کیا گیا جس میں سماجی مسائل کے ادب پر گہرے اثرات کےحوالے سےگفتگونشرکی گئی۔ پروگرام کی میزبان منزہ انور گوئندی جبکہ پروڈیوسر ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان سرگودھا فریحہ کنول تھیں۔

سرگودھا -19 جولائی (اے پی پی):ریڈیو پاکستان سرگودھا ایف ایم 101 کی جانب سے پروگرام ادب نامہ میں بعنوان “ادب سماج اور انسانیت “ پروگرام پیش کیا گیا جس میں سماجی مسائل کے ادب پر گہرے اثرات کےحوالے سےگفتگونشرکی گئی۔ پروگرام کی میزبان منزہ انور گوئندی جبکہ پروڈیوسر ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان سرگودھا فریحہ کنول تھیں۔ پروگرام کے دیگرمہمانوں میں شاعر و ادیب ممتاز عارف ، سماجی رہنما بابا شفیق ڈوگر، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ملک آفتاب احمد اعوان ، سماجی شخصیت محترمہ رفعت رانی ، سماجی شخصیت جاوید اقبال باجوہ ، سماجی شخصیت انجینئر عابد حسین شامل تھے۔ ادب سماج اور انسانیت کے عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے جناب ممتاز عارف نے کہا کہ شاعر اور ادیب جو بھی تخلیق کرتا ہے وہ گرچہ کوئی تنبیہ و نصائح نہیں ہوتے لیکن جوپیغام اس میں مضمر ہوتا ہے وہ سراسر انسانیت کے جذبے کو فروغ دیتا ہے۔ بیشتر شعرا ادبا نے انسانی حقوق کی بات کی ہے اور اپنی شاعری اورنثرنگاری میں سماجی مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ منزہ انور گوئندی نے کہا کہ شاعری انسانیت کا اوج کمال ہے،جس میں ایک ادیب اور شاعر عوامی مسائل کو اپنے جذبات گداز بخشتا ہے انہوں نے سرگودھا میں خدمت خلق کی مثال دیتے ہوئےاپنے والد انور گوئندی کے مشاعرہ کامران کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ مشاعرہ کامران کو لوگ ٹکٹ خرید کر سنا کرتے تھے جس سے ہونے والی آمدن کو کار خیر میں لگایا جاتا تھا اور ریڈ کراس اور نابینا افراد کے اداروں کی مالی معاونت کی جاتی تھی ۔ سماجی رہنما بابا شفیق ڈوگر نے کہا کہ ان کی سماجی خدمات کو تیس سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے جس میں انہوں نے شیلٹر ہوم ، چائلڈ لیبر ، یتیم و بے سہارا بچوں کی معاونت اور بھکاری افراد کو کاروبار کی جانب راغب کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے جس میں وہ کلی طور پر کامیاب رہے ہیں ۔ ملک آفتاب اعوان نے کہا کہ ادب اور سماج دونوں سے ان کا گہرا رشتہ ہے ان کے والد ادب کے خدمت گزار تھے اور یہ چیز انہیں ورثے میں ملی ہے فلاحی تنظیموں کے ذریعے انہوں نے عوامی بھلائی کو اپنا شعار بنایا اور مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے بے شمار کام کیے ان کی سماجی خدمات کو تین سے زائد دہائیاں گزر چکی ہیں ، جاوید باجوہ نےمعذور افراد کی بحالی سکیم کے تحت سینکڑوں وہیل چئیرز تقسیم کی ہیں جن سے جسمانی طور پر معذور افراد کو نئی زندگی ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کی مدد سے وہ اس نیک کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے اہل ہوئے ہیں محترمہ رفعت رانی نے شیلٹر ہوم کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی مشکل اور حساس کام ہے لیکن انہوں نے اس ضمن میں خواتین کی دوبارہ بحالی اور گھروں میں آبادی کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کی ہے جس میں وہ مکمل طور پہ کامیاب رہی ہیں ، انجینئر عابد حسین نے کہا کہ وہ قلم اور علم کے ساتھ ساتھ بچوں کی نگہداشت اور ذہنی تربیت پر کام کر رہے ہیں اور ایس او ایس ویلج میں ان کی کامیاب سکیم نے معاشرے پر مثبت اثرات ڈالے ہیں ۔ پروگرام کے آخر میں جناب ممتاز عارف نے اپنا کلام سنا کر ماحول کو انتہائی پُر تاثیر بنایا اور انجینئر عابد حسین نے خدمت انسانی کے موضوع پر اپنی نظم پیش کی ۔