زرعی خام مال کی عالمی منڈیوں میں قیمتوں پر دباؤ بدستور برقرار رہنے کا امکان ہے، عالمی بینک

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):عالمی بینک نے کہاہے کہ زرعی خام مال کی عالمی منڈیوں میں قیمتوں پر دباؤ بدستور برقرار رہنے کا امکان ہے۔ یہ بات عالمی بینک کی تازہ ترین کموڈیٹی آئوٹ لک رپورٹ میں کہی گئی ۔رپورٹ کے مطابق زرعی خام مال کی قیمتوں کا اشاریہ نومبر میں ایک فیصد کم ہوا جبکہ اس سے قبل 2025 کی تیسری سہ ماہی میں ماہانہ بنیاد پر اس میں …

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):عالمی بینک نے کہاہے کہ زرعی خام مال کی عالمی منڈیوں میں قیمتوں پر دباؤ بدستور برقرار رہنے کا امکان ہے۔ یہ بات عالمی بینک کی تازہ ترین کموڈیٹی آئوٹ لک رپورٹ میں کہی گئی ۔رپورٹ کے مطابق زرعی خام مال کی قیمتوں کا اشاریہ نومبر میں ایک فیصد کم ہوا جبکہ اس سے قبل 2025 کی تیسری سہ ماہی میں ماہانہ بنیاد پر اس میں تین فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق ربڑ کی قیمتوں میں معمولی بہتری دیکھی گئی تاہم کپاس اور لکڑی سمیت دیگر خام اشیا کی قیمتوں میں کمی کے باعث مجموعی اشاریہ نیچے آیا۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ 2026 اور 2027 میں قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر رسد کے بہتر امکانات اور طلب میں نرمی ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں کپاس کی قیمتوں میں ماہانہ بنیاد پر ایک فیصد کمی ہوئی،اس سے قبل تین سہ ماہیوں کے دوران قیمتیں مجموعی طور پر مستحکم رہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ قیمتیں ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباً آٹھ فیصد کم ہیں جس کی بڑی وجہ 2024–25 کے سیزن میں کپاس کی رسد میں نمایاں اضافہ ہے۔امریکی محکمہ زراعت کے تازہ تخمینے کے مطابق 2025–26 میں عالمی کپاس کی پیداوار میں ایک فیصد سے بھی کم اضافہ متوقع ہے، آسٹریلیا، ترکی اور ازبکستان میں پیداوار میں نمایاں کمی آنے جبکہ برازیل اور چین میں اضافہ متوقع ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر کپاس کی کھپت مجموعی طور پر مستحکم رہنے کی توقع ہے جس کے نتیجے میں سٹاک کے تناسب سے استعمال کی شرح 0.64 رہی گی جو گزشتہ سیزن کے مقابلے میں قدرے زیادہ ہے۔ عالمی بینک کو توقع ہے کہ کپاس کی قیمتیں 2026 اور 2027 میں تقریباً تین فیصد بحال ہوں گی، ربڑ کی قیمتیں نومبر میں مجموعی طور پر مستحکم رہیں جبکہ 2025 کی تیسری سہ ماہی میں ان میں دو فیصد اضافہ ہوا تھا ۔ربڑ کا تقریباً دو تہائی استعمال ٹائر سازی میں ہوتا ہے اس لیے گاڑیوں کی پیداوار میں محدود اضافے نے مجموعی طلب کو دباؤ میں رکھا ۔رپورٹ کے مطابق آنے والے برسوں میں زرعی خام مال کی عالمی منڈیوں میں قیمتوں پر دباؤ برقرار رہ سکتا ہے۔