لاہور۔17جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور رکن صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے اقوام متحدہ کے کنونشن آن دی رائٹس آف چائلڈ کے جنیوا میں منعقدہ 100ویں جائزہ اجلاس میں حکومت پاکستان کی نمائندگی کی۔وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دئیے گئے اعلی سطح کے حکومتی وفد کی قیادت وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کی۔ اجلاس یو این سی آر سی کے تحت پاکستان …
سارہ احمد کی کنونشن آن دی رائٹس آف چائلڈ میں پاکستان کی نمائندگی ، بچوں کے حقوق کے اقدامات پر بریفنگ

مزید خبریں
لاہور۔17جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور رکن صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے اقوام متحدہ کے کنونشن آن دی رائٹس آف چائلڈ کے جنیوا میں منعقدہ 100ویں جائزہ اجلاس میں حکومت پاکستان کی نمائندگی کی۔وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دئیے گئے اعلی سطح کے حکومتی وفد کی قیادت وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کی۔
اجلاس یو این سی آر سی کے تحت پاکستان کی پیش کردہ رپورٹ کے پانچ سالہ جائزہ کے سلسلے میں منعقد ہوا۔دو روزہ جائزہ اجلاس میں اقوام متحدہ کی ریویو کمیٹی کی جانب سے پاکستان میں بچوں کے حقوق، تحفظ اور فلاح و بہبود سے متعلق مختلف سوالات اٹھائے گئے، جن کے وفد نے موثر، جامع اور تسلی بخش جوابات دئیے۔وفد میں اقوام متحدہ میں مستقل نمائندہ اور سفیر بلال احمد، سیکرٹری وزارتِ انسانی حقوق عبد الخالق شیخ، بیرسٹر ظفراللہ ممبر، جواد علی ڈپٹی مستقل نمائندہ، مامون رشید قونصلر، عباس سرور قریشی قونصلر، منیب احمد قونصلر، بیرسٹر حیا ایمان زاہد ممبر، عدیل ممتاز کھوکھر فرسٹ سیکرٹری اور عزیز اقبال خان ڈپٹی ڈائریکٹر وزارت انسانی حقوق شامل تھے۔
وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط اور جامع پالیسی موجود ہے، جس پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وفاقی اور صوبائی سطح پر بچوں کے حقوق کیلئے موثر قانون سازی کی گئی ہے۔چیئرپرسن سارہ احمد نے اجلاس کے دوران کمیٹی کو پاکستان میں بچوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے نمایاں اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے نمایاں بہتری آئی ہے اور اس ضمن میں واضح اور جامع پالیسی فریم ورک موجود ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹریٹ چلڈرن کے تحفظ، بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ملک بھر میں موثر اقدامات جاری ہیں جبکہ ضرورت مند بچوں کے لیے ادارہ جاتی نگہداشت کے ساتھ ساتھ متبادل نگہداشت کے نظام کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ اقلیتی بچوں کے تحفظ کے لیے بین المذاہب چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔
چیئرپرسن سارہ احمد کے مطابق پازیٹو پیرنٹنگ اور گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ سے متعلق ملک گیر آگاہی مہمات بھی چلائی گئیں جبکہ ریسکیو کیے گئے بچوں کو تعلیم، صحت، رہائش، قانونی معاونت اور نفسیاتی کونسلنگ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے اس موقع پر کہا کہ یو این سی آر سی کے جائزہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی ہمارے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور یہ عالمی برادری کے سامنے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے اس موقع پر اقوام متحدہ میں مستقل نمائندہ اور سفیر بلال احمد سے ملاقات بھی کی۔








