سام سنگ الیکٹرانکس کے آپریٹنگ منافع میں تیسری سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیاد پر 32 فیصد اضافہ ، حجم 12.2 ٹریلین وان رہا

سیئول۔30اکتوبر (اے پی پی):جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی ’’سام سنگ الیکٹرانکس ‘‘ نے کہا ہے کہ رواں سال تیسری سہ ماہی کے دوران اس کے آپریٹنگ منافع میں سالانہ بنیاد پر 32 فیصد اضافہ ہوا جس کی وجہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے لیے میموری چپس کی طلب میں اضافہ ہے،منافعے کا حجم 12.2 ٹریلین وان (8.5 ارب ڈالر) رہا۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی نے کمپنی رپورٹ کے حوالے …

سیئول۔30اکتوبر (اے پی پی):جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی ’’سام سنگ الیکٹرانکس ‘‘ نے کہا ہے کہ رواں سال تیسری سہ ماہی کے دوران اس کے آپریٹنگ منافع میں سالانہ بنیاد پر 32 فیصد اضافہ ہوا جس کی وجہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے لیے میموری چپس کی طلب میں اضافہ ہے،منافعے کا حجم 12.2 ٹریلین وان (8.5 ارب ڈالر) رہا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی نے کمپنی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ جنوبی کوریا میں مصنوعی ذہانت کا شعبہ تیزی سے فروغ پارہا ہے جس کے لیے میموری چپس کی بڑھتی طلب کے باعث تیسری سہ ماہی کے دوران کمپنی کا آپریٹنگ منافع 12.2 ٹریلین وان(8.5 ارب ڈالر ) تک پہنچ گیا جو 2024 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے ڈیوائس سلوشن یونٹ کی مصنوعات کی فروخت میں 3 ماہ کےد وران سالانہ بنیا د پر 19 فیصد جبکہ سمارٹ فون ڈویژن نے نئے فولڈ ایبل فونز کے کامیاب آغاز اور ٹھوس فلیگ شپ سیلز کی وجہ سے آمدنی میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔ سام سنگ نے کہا کہ وہ اس بڑھتی طلب کو پورا کرنے کے لیے اس سال اپنی سیمی کنڈکٹر سہولیات میں 40.9 ٹریلین وان کی سرمایہ کاری کرے گی۔

کمپنی نے کہا کہ ڈی ایس ڈویژن اعلی ٰدرجے کے عمل کی طرف منتقلی اور اعلیٰ قیمت کی مصنوعات کی مانگ پوری کرنے کے لیے موجودہ پیداواری لائنوں کو تقویت دینے پر توجہ مرکوز کرے گی۔آمدنی کی رپورٹ کے بعد، سام سنگ کے حصص نے سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، ٹریڈنگ کے پہلے 30 منٹ میں شیئرز کی قیمت پانچ فیصد بڑھ کر 105,800 وان فی شیئر تک پہنچ گئی۔