سربراہ پاک فضائیہ سے کمانڈر امریکی فورسز سینٹرل کمانڈ کی ملاقات ، علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):نائنتھ ایئر فورس (امریکی ایئر فورس سینٹرل کمانڈ) کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل الیکسس گرینکیوچ نے پیر کوسربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور پاک فضائیہ کی جانب سے گزشتہ برسوں میں خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کو سراہا۔

انہوں نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ AFCENT کمانڈر نے گزشتہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے دوران جانی نقصان پر پاکستان کی عوام سے دلی تعزیت کی اور سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے عمل میں پاک فضائیہ کی کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر ائیر چیف نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور دونوں تزویراتی شراکت داروں کے مابین پہلے سے موجود دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے سیکورٹی اور جیو پولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کے لیئے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے وژن کا بھی ذکر کیا۔ ائیر چیف نے مزید کہا کہ “پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں”۔دونوں معززین نے تربیت اور آپریشنل شعبوں سمیت دو طرفہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔