سعودی عرب کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کو 15 کروڑ روپے مالیت کی ترقیاتی گرانٹ جاری

سعودی عرب نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کو اس کے تعلیمی ڈھانچے کی جدید کاری اور ترقی کے لیے 15 کروڑ روپے مالیت کی ترقیاتی گرانٹ جاری کی ہے۔ یہ گرانٹ یونیورسٹی کے لیے صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی ان جاری کوششوں میں ایک نمایاں پیش رفت ہے جو ان کی قیادت میں تعلیمی اور طلبہ سہولیات کی بہتری اور جامعہ کو ایک جدید، ٹیکنالوجی …

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کو اس کے تعلیمی ڈھانچے کی جدید کاری اور ترقی کے لیے 15 کروڑ روپے مالیت کی ترقیاتی گرانٹ جاری کی ہے۔ یہ گرانٹ یونیورسٹی کے لیے صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی ان جاری کوششوں میں ایک نمایاں پیش رفت ہے جو ان کی قیادت میں تعلیمی اور طلبہ سہولیات کی بہتری اور جامعہ کو ایک جدید، ٹیکنالوجی سے آراستہ ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے جاری ہیں۔ اس اقدام کے پہلے مرحلے میں سعودی گرانٹ کے ذریعے یونیورسٹی بھر میں کلاس رومز، کمپیوٹر لیبارٹریز، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نظام اور ان سے منسلک تعلیمی سہولیات کو جدید بنایا جائے گا۔

یہ اقدام جدید تدریسی مقامات اور ایسے تکنیکی ڈھانچے کی دیرینہ ضرورت کو پورا کرے گا جو بدلتے ہوئے تدریسی اور تحقیقی تقاضوں کا ساتھ دے سکے۔منصوبے کا ایک اہم پہلو ہر فیکلٹی میں ایک مخصوص سمارٹ کلاس روم کا قیام ہے جو انٹرایکٹو سمارٹ بورڈ، ڈیجیٹل پوڈیم اور وائی فائی رابطے سے آراستہ ہوگا اور جس میں 30 طلبہ تک کی گنجائش ہوگی۔ اس کے علاوہ پانچ کمپیوٹر لیبارٹریز بھی قائم کی جائیں گی جن میں 55 ورک سٹیشنز اور مجموعی طور پر 220 کمپیوٹر سسٹمز فراہم کیے جائیں گے جن میں ڈیسک ٹاپ، وی ڈی آئی سسٹمز اور لیپ ٹاپ شامل ہیں۔ ان سہولیات کو سی سی ٹی وی نظام، فرنیچر، پردوں اور دیگر ضروری آلات و آرائشی بہتری کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔

توقع ہے کہ یہ گرانٹ طلبہ اور اساتذہ کو جدید ڈیجیٹل وسائل، بہتر لیبارٹریز اور ٹیکنالوجی سے آراستہ موثر کلاس رومز تک زیادہ رسائی فراہم کر کے جامعہ میں تدریس و تعلیم کے ماحول کو خاطر خواہ مستحکم کرے گا۔ واضح رہے کہ یہ اقدام اس وسیع تر بہتری مہم کا حصہ ہے جو جامعہ کے قائم مقام ریکٹر و صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے گزشتہ ایک سال کے دوران ذاتی دلچسپی سے جاری رکھی ہے جس میں طلبہ کی فلاح و بہبود اور یونیورسٹی برادری کو دستیاب سہولیات کے معیار پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ہاسٹلز اور تعلیمی مقامات کے باقاعدہ دوروں اور طلبہ سے براہ راست رابطے کے ذریعے صدر یونیورسٹی نے ان مسائل کو براہ راست سمجھنے کی کوشش کی ہے جن کا طلبہ کو سامنا ہے اور دیرینہ بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کو ترجیح دی ہے۔

جہاں طلبہ ہاسٹلز کی مرحلہ وار تزئین و آرائش کا کام پہلے ہی جاری ہے، وہیں کلاس رومز اور کمپیوٹر لیبارٹریز کی جدید کاری اس سمت میں ایک اور نمایاں قدم ہے جو طلبہ کے مفاد میں بامعنی اور تعمیری تبدیلیاں لانے پر صدر یونیورسٹی کی مسلسل توجہ کا مظہر ہے۔ مملکت سعودی عرب سے 15 کروڑ روپے کا گرانٹ حاصل کرنا اِن کوششوں میں ایک بڑی پیش رفت ہے اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے اپنی ٹیم کے ہمراہ صدر یونیورسٹی کی معاونت کے حصول کے لیے مسلسل کاوشوں کی عکاسی کرتا ہے۔

یونیورسٹی نے اس فراخدلانہ اور مسلسل تعاون پر حکومت مملکت سعودی عرب سے دلی تشکر کا اظہار کیا۔ یونیورسٹی نے اس گرانٹ کو یونیورسٹی کے ساتھ مملکت سعودی عرب کی دیرینہ وابستگی کا ایک اور مظہر اور سعودی عرب و پاکستان کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کا عکاس قرار دیا۔جامعہ کمیونٹی کا کہنا تھا کہ یہ اقدام طلبہ کو عصرِ حاضر کے عالمی تعلیمی رجحانات سے ہم آہنگ تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا اور روزافزوں ٹیکنالوجی پر مبنی اور باہم مربوط دنیا میں معیاری اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے لیے یونیورسٹی کی استعداد کو مزید مستحکم کرے گا۔

مزید خبریں