سندھ حکومت اور بلدیہ عظمی کراچی شہری سہولیات کی بہتری کیلئے بھرپور انداز میں کام کر رہی ہیں ،میئر کراچی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے آباد بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حسن بخشی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں شہر کے ترقیاتی منصوبوں، تعمیراتی شعبے، شہری انفراسٹرکچر اور باہمی تعاون سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

کراچی۔ 13 جولائی (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب سے آباد بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حسن بخشی کی سربراہی میں ایک وفد نے ملاقات کی اورشہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، تعمیراتی شعبے، شہری انفراسٹرکچر اور باہمی تعائون سے متعلق مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق میئر کراچی نے کہا کہ سندھ حکومت اور بلدیہ عظمی کراچی شہر کی ترقی، جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی اور شہری سہولیات کی بہتری کیلئے بھرپور انداز میں کام کر رہی ہیں تاکہ کراچی کو ایک جدید اور بہتر شہر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری اس وقت ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جس سے کروڑوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی کچی آبادیوں کے ترقیاتی ماڈل کو جدید خطوط پر استوار کرنا چاہتی ہے جس کے لیے آباد بلڈرز اینڈ ڈیولپرز ایسوسی ایشن کا تعائون انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نجی شعبہ اور شہری ادارے مل کر ایسے منصوبوں کو فروغ دیں گے جن سے شہریوں کو بہتر رہائشی سہولیات اور بنیادی خدمات میسر آئیں گی۔میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ ٹریفک ہے جس کے حل کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں جدید پارکنگ پلازوں کے قیام کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جس سے ٹریفک کے دبا ئومیں کمی اور پارکنگ کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ملاقات میں وفد نے بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے جاری ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن تعائون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی کراچی ابرار جعفر، مشیر مالیات گلزار ابڑو، متعلقہ افسران اور بلڈرز بھی موجود تھے۔