سندھ طاس معاہدے پر بین الاقوامی سیمینار منگل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں شروع ہوگیا۔
سندھ طاس معاہدے پر بین الاقوامی سیمینار اسلام آباد میں شروع ہوگیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):سندھ طاس معاہدے پر بین الاقوامی سیمینار منگل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں شروع ہوگیا۔ سندھ طاس معاہدے کی اہمیت، آبی وسائل کے تحفظ اور علاقائی تعاون سے متعلق بین الاقوامی سیمینار میں وفاقی وزراء، سیاسی رہنما، ماہرین اور متعلقہ حکام شرکت کررہے ہیں۔ سیمینار کے افتتاحی سیشن سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ خطاب کریں گے۔ پہلے سیشن میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کلیدی خطاب کریں گے جبکہ پاکستان کے کمشنر برائے سندھ طاس معاہدہ سید مہر علی شاہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ سیشن کے اختتام پر سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر خرم دستگیر خان خطاب کریں گے۔ دوسرے سیشن میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک کلیدی خطاب کریں گے جبکہ سابق صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عامر ریاض بھی شرکا سے خطاب کریں گے۔ سیشن کے اختتام پر سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اظہارِ خیال کریں گی۔ سیمینار کے اختتامی سیشن کے مہمانِ خصوصی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ہوں گے جو اختتامی خطاب کریں گے۔ سیمینار میں سندھ طاس معاہدے، پانی کے وسائل کے مؤثر انتظام، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات اور خطے میں آبی تعاون سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔








