سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 60 مقامات کی چیکنگ کی جبکہ خلاف ورزیوں پر 4 گیس میٹر منقطع کر دیے گئے۔
سوئی گیس ٹاسک فورس کی کارروائیاں، 60 مقامات کی چیکنگ، 4 میٹر منقطع

مزید خبریں
ملتان۔ 25 ستمبر (اے پی پی):سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 60 مقامات کی چیکنگ کی جبکہ خلاف ورزیوں پر 4 گیس میٹر منقطع کر دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق کارروائی کے دوران ایک صارف گیس کا کمرشل استعمال کرنے کا مرتکب پایا گیا، جس پر اس کا میٹر منقطع کر دیا گیا جبکہ 3 صارفین کے میٹرز پر کمپریسر کے استعمال کی خلاف ورزی سامنے آنے پر متعلقہ میٹرز بھی منقطع کر دیے گئے۔
ترجمان کے مطابق یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس کی کارروائیوں کا مقصد گیس چوری اور غیر قانونی استعمال کا خاتمہ، گیس پریشر میں بہتری، صارفین کو بلا تعطل فراہمی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس ملتان نے کہا کہ صارفین کی جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے صارفین کو ہدایت کی کہ گیس استعمال کرنے سے قبل اس امر کا اطمینان کرلیں کہ کہیں گیس کی بُو تو محسوس نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی بُو محسوس ہونے کی صورت میں فوری طور پر تمام کھڑکیاں اور دروازے کھول دیے جائیں اور گیس یا بجلی سے چلنے والے کسی بھی آلے کو ہرگز آن نہ کیا جائے۔جنرل منیجر نے واضح کیا کہ گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ صارفین کو محفوظ، معیاری اور مسلسل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔







