سوات، کبل دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

سوات کے تھانہ کبل کے مین گیٹ کے سامنے دہشت گردوں کے خودکش حملے میں شہید بہادر پولیس اہلکاروں کانسٹیبل مکرم خان اور کانسٹیبل حسین خان کی نمازِ جنازہ جاوید اقبال شہید پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

پشاور۔ 03 اگست (اے پی پی):سوات کے تھانہ کبل کے مین گیٹ کے سامنے دہشت گردوں کے خودکش حملے میں شہید بہادر پولیس اہلکاروں کانسٹیبل مکرم خان اور کانسٹیبل حسین خان کی نمازِ جنازہ جاوید اقبال شہید پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ ترجمان سوات پولیس کے مطابق نمازِ جنازہ میں آر پی او ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ، ڈی پی او سوات محمد عمر خان، ایس پی آپریشن سوات غلام صادق خان اور ایس پی ہیڈ کوارٹر عطاء اللہ سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی ،شہداء کی جسدِ خاکی پر گلدستے رکھے گئے اور ان کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہدا کی جسدِ خاکی کو تدفین کے لیے ان کے آبائی گاؤں روانہ کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ دونوں شہدا دھماکے میں زخمی ہوئے اور ہسپتال میں علاج کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے۔ اس خودکش دھماکے میں مجموعی طور پر 16 افراد شہید ہوئے جن میں 7 پولیس اہلکار اور 9 عام شہری شامل ہیں۔

مزید خبریں