سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی برٹش کونسل کے ریجنل ڈائریکٹر ایڈرین چاڈوک سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خواتین کا کردار کسی بھی معاشرے کی تعمیر وترقی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے اور فنی شعبوں میں تربیت دے کر انہیں معاشرے کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے، سپیکر نے پاکستان میں تعلیم کے …

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خواتین کا کردار کسی بھی معاشرے کی تعمیر وترقی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے اور فنی شعبوں میں تربیت دے کر انہیں معاشرے کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے، سپیکر نے پاکستان میں تعلیم کے شعبہ میں برطانیہ کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو برٹش کونسل کے ریجنل ڈائریکٹر ایڈرین چاڈوک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وفد کے ہمراہ منگل کو ان سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر عامر رمضان بھی موجود تھے۔ برٹش کونسل کے ریجنل ڈائریکٹر سے ملاقات میں تعلیم اور اساتذہ کی جدید تربیت پر تفصیلی بات چیت کی گی۔ سپیکر نے اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور فنی شعبہ میں برٹش کونسل کا تعاون قابل تحسین ہے اور بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کےلئے تعلیم اور فنی تعلیم کے شعبہ میں برٹش کونسل کی بے پناہ خدمات ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ خواتین کی تعلیم اور خصوصاً فنی تعلیم پر توجہ دے کر ان کو معاشی طور پر مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برطانیہ کے دیرینہ تعلقات ہیں اور برطانیہ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں جدید ٹیکنیکل بنیادوں پر تعلیم کے شعبہ میں کام کر رہا ہے اور خواتین کی تعلیم خصوصاً فنی تعلیم کےلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پروگرام ترتیب دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کی تعلیم کے شعبہ میں خصوصی دلچسپی کو بھی سراہا۔

مزید خبریں