سکاٹش فٹبال ایسوسی ایشن کا فیفا کے صدر کی آئندہ صدارتی انتخاب میں حمایت سے دستبرداری کا اعلان
سکاٹش فٹبال ایسوسی ایشن کا فیفا کے صدر کی آئندہ صدارتی انتخاب میں حمایت سے دستبرداری کا اعلان

مزید خبریں
لندن۔18اگست (اے پی پی):سکاٹ لینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ایان میکسویل نے کہا ہے کہ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کو ووٹ نہیں دے گا اور یہ فیصلہ یورپی فٹبال تنظیم کے مؤقف کے مطابق ہے۔ای ایس پی این کے مطابق ایان میکسویل نے فیفا میں شفافیت اور طرز حکمرانی کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رکن فٹبال ایسوسی ایشنز کو فیصلوں میں زیادہ مؤثر کردار ملنا چاہیے۔
ان کے مطابق فٹبال انتظامیہ کو کھیل کے بجائے غیرضروری طور پر خبروں اور تنازعات کا مرکز نہیں بننا چاہیے۔انگلینڈ، ویلز اور جمہوریہ آئرلینڈ سمیت متعدد یورپی فٹبال ایسوسی ایشنز پہلے ہی جیانی انفینٹینو کی حمایت سے دستبرداری اختیار کرچکی ہیں۔ دوسری جانب 3 کنفیڈریشن صدور نے نجی سرمایہ کاروں کو عالمی کپ سے متعلق کمپنی میں حصص فروخت کرنے کے منصوبے پر جیانی انفینٹینو پر ’’دھوکا دہی‘‘ کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔
جیانی انفینٹینو کی ممکنہ چوتھی مدت صدارت پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں۔ فٹبال سے متعلق وکالتی تنظیم فیئر سکوائر نے فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ 2016 سے 2019 تک جیانی انفینٹینو کی پہلی مدت کو بھی صدارتی مدت کی حد میں شمار کیا جائے۔ تنظیم کے مطابق 2027 میں دوبارہ انتخاب کی صورت میں یہ ان کی چوتھی مدت بن سکتی ہے۔
سابق فیفا گورننس کمیٹی کے سربراہ میگوئل مادورو نے بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ فیفا کے قوانین کا مقصد کسی ایک شخص کے لیے صدارت کی مجموعی مدت کو زیادہ سے زیادہ 12 سال تک محدود رکھنا تھا۔فیئر سکوائر نے فیفا سے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ جیانی انفینٹینو کی مدت صدارت سے متعلق 2022 کے فیصلے کی بنیاد بننے والی متعلقہ کمیٹی کی سفارشات اب تک عوام کے سامنے کیوں نہیں لائی گئیں۔
جیانی انفینٹینو کی حمایت میں کمی، شفافیت سے متعلق اعتراضات اور صدارتی انتخاب کے لیے اہلیت پر اٹھنے والے سوالات نے فیفا صدر پر دباؤ میں مزید اضافہ کردیا ہے۔








