سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں عزم استحکام وژن کے تحت مؤثرانٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں ،متعدد خوارج جہنم واصل

"سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام وژن کے تحت مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد خوارج کو ہلاک کر دیا۔”

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں عزم استحکام وژن کے تحت مؤثرانٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں،فورسز نے لکی مروت میں متعدد خوارج کو جہنم واصل کیاہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ کاروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے۔لکی مروت میں کی گئی ان کارروائیوں کے دوران متعدد خوارج کو جہنم واصل کیا گیا،ہلاک خوارج دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسزکے ہاتھوں فتنہ الخوارج کے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ کارروائیوں میں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ رہے اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔