سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال” الریحلہ” قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ2022 میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا

آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ

سیالکوٹ۔20جون (اے پی پی):سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدرشیخ زوہیب رفیق سیٹھی نے کہا ہے کہ قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے میچوں میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال “الریحلہ” استعمال کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے “اے پی پی “سےخصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ زوہیب رفیق سیٹھی نے کہا کہ سیالکوٹ کی معروف برآمدی فرم “فارورڈ سپورٹس” نے ایڈی ڈاس کے لیے “الریحلہ” فٹ بال تیار کیا ہے جو کہ باضابطہ طور پر فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں استعمال کیا جائے گا۔

یہ سیالکوٹ سمیت پاکستان کے لیے بھی ایک بڑا اعزاز اورباعث فخرہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ورلڈ کپ کے میچ کی بالز سیالکوٹ میں تیار کی جارہی ہیں یہ تیسراموقع ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں”فارورڈ سپورٹس” کا برانڈ استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ الریحلہ بال کو قطر کی ثقافت کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ دنیا اس وقت پائیداری کی طرف بڑھ رہی ہے اور اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد بائیو بیسڈ ری سائیکلنگ میٹریل ہے۔اس بال کی تیاری میں ماحول دوست پانی پر مبنی کیمیکل استعمال ہو ا ہے کوئی سالوینٹ کیمیکل استعمال نہیں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ بال 20 پینلز پر مشتمل ہے اور اسے دنیا کے بہترین فٹ بال میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے روایتی طور پر فٹ بال ہاتھ سے سلے ہوئے تھے۔فٹ بال کی سلائی میں ایک نئی ٹیکنالوجی”تھرموس بانڈنگ” پہلی بار 2014 کے ورلڈ کپ میں متعارف کرائی گئی تھی۔ پاکستان میں بنائے گئےفٹبالز کی ورلڈ کپ میں موجودگی نے پاکستانیوں کے لیے خوشی کے خصوصی لمحات پیدا کر دیےہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ اہم برآمدی شہر ہےجو کھیلوں کاسامان بنانے کے لیے بھی مشہور ہے، جن میں والی بال، ہاکی سٹکس، کرکٹ بیٹ اور کھیلوں میں استعمال ہونے والے لباس شامل ہیں۔ سیالکوٹ کی صنعت بین الاقوامی معیار کی ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ اس ورلڈ کپ میں بین الاقوامی فٹبال سٹارز اور ٹیمیں سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹ بال کے ساتھ کھیلیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان میں نہ صرف فٹ بال انڈسٹری کو فروغ ملے گابلکہ کھیلوں کے لباس اور سامان کی ملحقہ صنعت پر بھی اس کا مثبت اثر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعت پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔