سیالکوٹ پولیس نے کارروائی کرکے پولیس کو ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے پر مقدمہ درج کرلیا اور ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
سیالکوٹ پولیس کی کارروائی،پولیس کو ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے پر مقدمہ درج اور ملزم گرفتار

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 14 ستمبر (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نے کارروائی کرکے پولیس کو ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے پر مقدمہ درج کرلیا اور ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دے کر پولیس کو گمراہ کرنے والا سیلز مین قانون کی گرفت میں آگیا ،تھانہ سمبڑیال پولیس نے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچا کر ڈیڑھ لاکھ روپے ہڑپ کرنے کی کوشش کرنے والے سیلز مین صبور احمد کو گرفتار کرکے نقدی، موبائل فون اور دیگر اشیا برآمد کر لیں۔گائوں بلگن کے رہائشی صبور احمد نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی کہ بیگووالہ روڈ پر دو مسلح ڈاکو اس سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی، موبائل فون، عینک اور دیگر سامان چھین کر فرار ہوگئے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سمبڑیال انسپکٹر عبدالرزاق پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے،ابتدائی جانچ کے دوران حالات اور اطلاع دہندہ کے بیانات مشکوک پائے گئے۔ پولیس کی موثر پوچھ گچھ پر صبور احمد نے اعتراف کیا کہ اس نے مالکان کی رقم ہڑپ کرنے کے لیے اپنے دوست عبداللہ کے ساتھ مل کر ڈکیتی کا جھوٹا منصوبہ بنایا تھا، اس نے نقدی اور دیگر اشیا عبداللہ کے حوالے کرنے کے بعد 15 پر جھوٹی اطلاع دی تاکہ پولیس مبینہ ڈاکوئوں کی تلاش میں مصروف رہے۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی، موبائل فون، عینک اور دیگر اشیا برآمد کرکے پولیس کو گمراہ کرنے اور ایمرجنسی ہیلپ لائن پر جھوٹی اطلاع دینے کے الزام میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کا کہنا ہے کہ 15 شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قائم ایمرجنسی ہیلپ لائن ہے۔ اس پر دی جانے والی جھوٹی اطلاع کسی حقیقی مصیبت زدہ شہری تک بروقت پولیس امداد پہنچنے میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ جھوٹی اطلاع دینے والا نہ صرف پولیس کے وسائل اور وقت کا ضیاع کرتا ہے بلکہ اسے قانونی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔








