سینیٹر عرفان صدیقی سیاست میں باہمی احترام، برداشت اور سیاسی نظریات کے احترام پر یقین رکھتے تھے،وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا تعزیتی ریفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سینیٹر عرفان الحق صدیقی مرحوم کی علمی، ادبی ،صحافتی اور سیاسی خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر عرفان صدیقی سیاست میں باہمی احترام، برداشت اور ایک دوسرے کے سیاسی نظریات کے احترام پر یقین رکھتے تھے ۔ہم سب کو ان کے ان نقوش کی پیروی کرنی چاہیے ۔ وہ …

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سینیٹر عرفان الحق صدیقی مرحوم کی علمی، ادبی ،صحافتی اور سیاسی خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر عرفان صدیقی سیاست میں باہمی احترام، برداشت اور ایک دوسرے کے سیاسی نظریات کے احترام پر یقین رکھتے تھے ۔ہم سب کو ان کے ان نقوش کی پیروی کرنی چاہیے ۔

وہ جمعرات کو یہاں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر احسن ظفر بختاوری کی جانب سے سینیٹر عرفان الحق صدیقی مرحوم کے لیے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی ایک عظیم شخصیت اور میرے بھی استاد تھے ، میں نے ان سے کالج میں پڑھا ہے وہ زبان و ادب پر مکمل دسترس رکھتے تھے۔ میرا ہمیشہ ان سے استاد اور شاگرد کا تعلق رہا ہے۔ سیاسی میدان میں بھی میں نے ہمیشہ ان سے ایک شاگرد کی طرح رہنمائی لی ۔انہوں نے کہا کہ آج میرا انداز بیاں جو بھی ہے وہ میرے استاد محترم عرفان صدیقی کا مرہون منت ہے۔ سیاست میں بھی انہوں نے ہمیشہ شفقت ،پیار ،محبت اور احترام کا درس دیا ۔

انہوں نے کہا کہ آج ہر کوئی ان کو اچھے نام سے یاد کر رہا ہے اللہ تعالی انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر عرفان الحق صدیقی ایسی شخصیت تھےجن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ان کے کالموں کا انداز تحریر بھی بہت خوبصورت تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں اس وقت باہمی احترام میں کمی ، عدم برداشت اور تقسیم بڑھ رہی ہے ۔

ایک دوسرے کو برداشت کرنا اور دوسرے کے نظریات کا احترام کرنا ہی سیاست کا حسن ہے۔ یہ تمام خوبیاں سینیٹر عرفان صدیقی کی شخصیت میں موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ ہمیشہ معاشرے کےہر شعبے میں اپنا نقش چھوڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے ظفر بختاوری کا تقریب کے انعقاد پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی سینٹر عرفان الحق صدیقی کے درجات بلند فرمائے۔