سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان سے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان نے پیر کو یہاں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔سیکرٹری خارجہ نے اینڈرسن کو مزید چار سال کے لیے دوبارہ تعیناتی پر مبارکباد دی۔

دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں فریقین نے پاکستان اور یو این ای پی کے درمیان جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا، جس میں گزشتہ سال کے سیلاب کے بعد بہتر اور سرسبز پاکستان کی تعمیر کے لیے پاکستان کی کوششوں کا حوالہ بھی شامل تھا۔ سیکرٹری خارجہ نے موسمیاتی تبدیلیوں اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور فضلہ اور آلودگی سے نمٹنے کے لیے ہر سطح پر شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے ترقی پذیر ممالک کے لیے یو این ای پی کی حمایت میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینڈرسن 30 جنوری سے 3 فروری 2023 تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ مختلف قومی اسٹیک ہولڈرز بشمول وزارت موسمیاتی تبدیلی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گی۔