سی ٹی ڈی نے ایک ماہ کے دوران کالعدم تنظیموں کے 49 دہشت گردوں کو گرفتار کیا، لاہور سے راکا ایجنٹ گرفتار ،اہم عمارتوں کے نقشے برآمد

لاہور۔17جنوری (اے پی پی):کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی) نے صوبہ کے مختلف علاقوں میں ایک ماہ میں کارروائیوں کے دوران مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 49 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیاجبکہ لاہور سے بھارتی ایجنسی را کے خطرناک دہشت گرد مجتبی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور اہم عمارتوں …

لاہور۔17جنوری (اے پی پی):کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی) نے صوبہ کے مختلف علاقوں میں ایک ماہ میں کارروائیوں کے دوران مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 49 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیاجبکہ لاہور سے بھارتی ایجنسی را کے خطرناک دہشت گرد مجتبی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور اہم عمارتوں کے نقشےبرآمدکر لیے ہیں۔ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی 425 کارروائیاں کیں، جن میں 427 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور49 دہشت گردوں کو اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور دیگر ممنوعہ مواد سمیت گرفتار کیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں شوکت ،نوید ،عبدالرحمان ،امجد ،شاہد ،ابرار ،دانش خان ،خلیل احمد ،جمیل الرحمن ،احسان اللہ ،نادر ،وقاص ،حسنین ،فاروق ،جمشید اوراولاد خان وغیرہ شامل ہیں ، جن کا تعلق فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے ہے ۔گرفتار دہشت گردوں کا تعلق لاہور ،ساہیوال ،راولپنڈی ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،حافظ آباد ،گوجرانوالہ ،چکوال ،جہلم ،ڈی جی خان ،فیصل آباد ،چنیوٹ ،ساہیوال ،پاک پتن ،خوشاب ،اوکاڑا ،اٹک ،شیخوپورہ اوروہاڑی سے ہے جن کے قبضہ سے دھماکہ خیز مواد16480 گرام، 2ہینڈ گرنیڈ ، ڈیٹونیٹرز 36، سیفٹی فیوز وائر 58 فٹ،6 ای آئی ڈی بم ،کالعدم تنظیم کے پمفلٹ ، میگزین،پرائمہ کارڈ ،موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں نے مختلف شہروں میں اہم عمارتوں کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا ،جن کے خلاف 44 مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے 6131 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے،243546 افراد کو چیک اور599 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔اسی طرح 568 ایف آئی آر درج اور 477 بازیابیاں کی گئیں۔ترجمان نے کہاکہ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی متعلقہ معلومات کی صورت میں کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن 0800 11111 ہیلپ کال کریں۔