سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار کو آنے والے دنوں میں مزید تیز کیا جائے گا، وفاقی وزیر اسدعمر

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار کو آنے والے دنوں میں مزید تیز کیا جائے گا، خصوصی اقتصادی زونوں کے قیام کو اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔ ایس ای زیڈز مینوفیکچرنگ میں مشترکہ منصوبے قائم کرنے کے قابل بنائیں گے جو دونوں اطراف کے کاروباری افراد کو متحد کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوپاکستان میں چین کے سفیر مسٹر نونگ رونگ سے پلا ننگ کمیشن میں ملاقات کی۔

اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین آنے والی 10 ویں جے سی سی ، جوائنٹ ورکنگ گروپ (جے ڈبلیو جی) کی ملاقاتوں اور اقتصادی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے بھی شرکت کی۔اسدعمر نے مشترکہ ورکنگ گروپس (جے ڈبلیو جی) کی پیشرفت اور کام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔سفیر نے کہا کہ جے سی سی سی پیک کی چھتری کے تحت دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس تعاون کی بہت سی نئی راہیں بھی کھولے گا۔