اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا ہے کہ شبِ معراج ایک ایسا عظیم الشان اور ایمان افروز واقعہ ہے جس کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد ﷺ کو اپنی خاص نشانیاں دکھائیں، قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’’پاک ہے وہ ذات جو اپنے بندے کو راتوں رات مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک لے گئی جس …
شبِ معراج اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد ﷺ کو اپنی خاص نشانیاں دکھائیں، سید غلام مصطفیٰ شاہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا ہے کہ شبِ معراج ایک ایسا عظیم الشان اور ایمان افروز واقعہ ہے جس کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد ﷺ کو اپنی خاص نشانیاں دکھائیں، قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’’پاک ہے وہ ذات جو اپنے بندے کو راتوں رات مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک لے گئی جس کے اردگرد ہم نے برکت رکھی تاکہ ہم اسے اپنی نشانیاں دکھائیں، بے شک وہی سننے والا، دیکھنے والا ہے‘‘، یہ آیتِ مبارکہ شبِ معراج کی عظمت، الوہیت اور حضور نبی کریم ﷺ کے بلند ترین مقام کی واضح دلیل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شب معراج کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ شبِ معراج حضور نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کا وہ درخشاں باب ہے جو ایمان، عبادت، اطاعتِ الٰہی اور صبر و استقامت کا جامع پیغام اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا اپنے محبوب نبی اکرم ﷺ کو مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ اور پھر آسمانی رفعتوں تک لے جانا، اللہ تعالیٰ کی قدرتِ کاملہ اور حضور ﷺ کی شانِ نبوت کا بے مثال اظہار ہے۔ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ اسی بابرکت رات امتِ مسلمہ کو نماز جیسی عظیم عبادت عطا کی گئی جو مومن کے لئے روحانی بلندی، اصلاحِ کردار اور قربِ الٰہی کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شبِ معراج کے پیغام کی روشنی میں ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں نماز کی پابندی، صبر و برداشت، رواداری اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کو فروغ دینا چاہئے تاکہ ایک پُرامن، منصفانہ اور فلاحی معاشرہ تشکیل پا سکے۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شبِ معراج اہلِ ایمان کو یہ یقین دلاتی ہے کہ آزمائشوں اور مشکلات کے بعد اللہ تعالیٰ کی مدد، رحمت اور کامیابی ضرور حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ صبر، استقامت اور اللہ پر کامل بھروسے کا عملی درس ہے جو ہر دور میں انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے۔
ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس بابرکت رات فلسطین اور بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمان بھائیوں نیز وطنِ عزیز پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
انہوں نے بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ان کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کے لئے بھی دعا کی۔ سید غلام مصطفیٰ شاہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت رات کے صدقے پاکستان کو امن استحکام اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے اور امتِ مسلمہ کو درپیش تمام مسائل، آزمائشوں اور چیلنجز سے نجات عطا ء فرمائے۔








