شمالی کوریا نے میزائل پر نصب ہونے والا جوہری وارہیڈ بنا لیا، امریکی ذرائع ابلاغ

واشنگٹن ۔ 09 اگست (اے پی پی) امریکا اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ شمالی کوریا نے ایسا جوہری ہتھیار بنانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے جو کم جگہ گھیرتا ہے اور میزائل پر باآسانی نصب کیا جا سکتا ہے۔ دو امریکی اداروں دی واشنگٹن پوسٹ اور این بی سی نیوز نے بتایا ہے کہ ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے گذشتہ ماہ مکمل کردہ اِس نئے تجزیئے سے قبل ایک اور خفیہ رپورٹ میں بھی کہا گیا تھا کہ شمالی کوریا دنیا کی نویں جوہری طاقت بننے کے دعوے کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ڈیفنس ایجنسی کے تخمینے کا حوالہ دیتے ہوئے، روزنامہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل ڈلیوری کے لیے جوہری ہتھیار تیار کرلیے ہیں جنہیں بین الاقوامی بیلسٹک میزائلوں (آئی سی بی ایم) کے ذریعے پہنچایا جا سکتا ہے۔